سپر لیگ: بابر اعظم رنز بنانے کی دوڑ میں سب سے آگے

کراچی(نیوز ڈیسک)قومی کپتان بابراعظم آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ میں رنز بنانے کی دوڑ میں سب سے آگے ہیں۔اسٹائلش بیٹسمین نے اب تک 12 میچز کی تمام اننگز میں شریک ہوکر 902 رنز اپنے نام جوڑ رکھے ہیں، وہ 2 بار ناٹ آؤٹ بھی رہے۔ ان کی اوسط 90.20 جبکہ بہترین انفرادی کاوش 158 کی اننگز ہے۔آئرلینڈ کے پال اسٹرلنگ 17 اننگز میں 791 رنز بناکر دوسرے نمبر پر براجمان ہیں، انھوں نے 46.52 کی ایوریج پائی جبکہ ان کی انفرادی بہترین اننگز 142 رنز ہے۔ٹیم میٹ ہیری ٹیکٹر 631 رنز بناکر تیسرے نمبر پر رہے، 79 ان کی بہترین انفرادی اننگز شمار ہوئی،

اوسط 45.07 رہی، بنگلادیشی اوپنر تمیم اقبال 624 رنز جوڑ کر چوتھے نمبر پر براجمان ہیں،36.70 ان کی اوسط اور 112 بہترین اننگز ریکارڈ ہوئی، امام الحق 598 رنز بناکر ٹاپ 5 کا حصہ بنے ہوئے ہیں، 54.36 اوسط اور 106 بہترین اننگز ہے۔انھوں نے 12 میچز کی تمام اننگز میں حصہ لیا۔بنگلادیشی بیٹر لٹن داس 592 رنز بناکر چھٹے نمبر پر ہیں۔ اس دوران 136 رنز بہترین انفرادی اننگز شمار ہوئی جبکہ اوسط 34.82 رہی۔ جنوبی افریقہ کے ڈیوڈ مالان 11 میچز کی 10 اننگز میں 578 رنز بنا کر ساتویں نمبر پر ہیں۔ 177 رنز ناٹ آؤٹ ان کی بہترین کاوش رہی، اوسط 64.22 ہے، انگلش بیٹر جونی بیئراسٹو12 میچز کی 11 اننگز میں اب تک 575 رنز جوڑ کر آٹھویں نمبر پر ہیں۔آئرلینڈ کے اینڈی بلبرائن 16 میچزمیں 567 رنز بناکر نویں نمبر پر قبضہ جمائے ہوئے ہیں، 37.80 کی اوسط اور 113 ایک اننگز میں سب سے زیادہ رنز رہے۔ بنگلادیشی بیٹر مشفیق الرحیم 15 میچز کی 14 اننگز میں 523 رنز بناکر ٹاپ 10 کے آخری شریک بنے، 125 کی انفرادی کاوش اور 43.58 اوسط ان کے نام درج ہے۔دوسری جانب بولنگ میں آسٹریلوی اسپنر ایڈم زیمپا اور کریگ ینگ 28، 28 وکٹیں لے کر بالترتیب پہلے اور دوسرے نمبر پر ہیں، زیمپا نے 12 جبکہ آئرش بولر نے 17 میچز میں اتنے شکار کیے، اینڈی میک برائن نے 26 وکٹیں اڑاکر تیسرے نمبر پر جگہ بنائی، بنگلادیش کے شکیب الحسن اور آئرلینڈ کے جوش لٹل نے 25، 25 وکٹیں اپنے نام درج کررکھی ہیں، پاکستان کے حارث رؤف اور شاہین شاہ افریدی یکساں طور پر 19، 19 شکار کے ساتھ ٹاپ بولرز کی فہرست میں شامل ہیں۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button