حکومت پاکستان نے سید علی گیلانی کو پاکستان کے اعلیٰ ترین سول ایوارڈ ’’نشان پاکستان‘‘ سے نوازدیا
اسلام آباد(نیوز ڈیسک) پاکستان نے بزرگ کشمیری حریت رہنما سید علی گیلانی کو جدوجہد آزادی کشمیر کیلئے خدمات، قربانیوں اور کشمیری قوم کی دلیرانہ قیادت کے اعتراف میں اعلیٰ ترین سول ایوارڈ ’’نشان پاکستان‘‘ سے نوازا ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق صدرڈاکٹر عارف علوی نے آج یوم آزادی کے موقع پر ایوان صدر اسلام آباد میں منعقدہ ایک پر وقار تقریب کے دوران سید علی گیلانی کو نشان پاکستان سے نوازا، سید علی گیلانی کی طرف سے کشمیری حریت رہنماؤں نے یہ ایوارڈ وصول کیا، ایوان صدر میں ایوارڈ کی تقریب میں اعلی سول و فوجی افسران کے ساتھ ساتھ حریت رہنماؤں کو بھی مدعو کیا گیا تھا،
حریت کانفرنس کی طرف سے محمد حسین خطیب، غلام محمد صفی، محمد فاروق رحمانی، محمود احمد ساگر، شمیمہ شال، انجینئر محمود، شیخ محمد یعقوب، جاوید جہانگیر، خادم حسین، سید کفایت، نذیر احمد، عبدالمجید، میر عبدالمجید ملک، ناصر مرزا، محمد سلطان، امتیاز احمد وانی، عدیل مشتاق، ایڈووکیٹ پرویز اور شیخ عبدالمتین نے تقریب میں شرکت کی، حریت کانفرنس کے کنوئنر محمد حسین خطیب نے ایوارڈ وصول کیا۔سینیٹ آف پاکستان نے 27 جولائی کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے منصفانہ حل کیلئے سیدعلی گیلانی کو انکی خدمات اور قربانیوں کے اعتراف میں نشان پاکستان سے نوازنے کی قرارداد متفقہ طورپر منظور کی تھی۔تقریب میں سید علی گیلانی کو ان کے غیرمتزلزل عزم، لگن، نڈر قیادت اور مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی مظالم، ظالمانہ ہتھکنڈوں اور انسانی حقوق کی پامالیوں کو بے نقاب کرنے پر زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا گیا۔ اس موقع پر 90برس کی ضعیف العمری میں سید علی گیلانی کی مسلسل گھر میں نظربندی پر بھی شدید تشویش ظاہر کی گئی۔سید علی گیلانی کو نشان پاکستان دینے کا اعلان وزیراعظم عمران خان نے 5 اگست کو منائے جانے والے یوم استحصال کے موقع پر مظفر آباد میں آزاد جموں و کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا تھا۔