قوم کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ آج چاند رات کوحقیقی آزادی کیلئے باہر نکلیں،عمران خان کا ویڈیو پیغام

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) چیئرمین پی ٹی آئی ، سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ قوم کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ آج چاند رات کوحقیقی آزادی کیلئے باہر نکلیں، ملک سے باہر اور اندرپیغام دینا ہے کہ ہم غلامی نہیں بلکہ حقیقی آزادی چاہتے ہیں، غلامی اور امپورٹڈ حکومت نامنظور۔انہوں نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ میرے پاکستانیوں میں نے آپ سب کو آگاہ کیا کہ ایک بڑی سازش کے ذریعے ہماری حکومت ہٹائی گئی، میں نے قوم کے سامنے مراسلہ رکھا، میں نے اسپیکر ، پاکستان کے صدر ،چیف جسٹس مراسلہ بھجوایا، اور نیشنل سکیورٹی کونسل کے سامنے رکھا۔سب کو بتایا کہ مراسلہ میں واضح ہے

کہ پاکستان کی جمہوریت اور حکومت کے خلاف باہر سے سازش کی گئی، اس میں ہمارے ملک کے میر جعفر اور میرصادق ملوث تھے۔ ہمارے صحافیوں،موجودہ وزیراعظم، اپوزیشن رہنماؤں سب نے کہا جھوٹ ہے، بعد میں سب مان گئے کہ مراسلہ آیا ہے۔ اب ایک ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں امریکی تھنک ٹینک بتا رہی ہے کہ پاکستان کے وزیراعظم کو اس لیے ہٹایا کہ وہ آزاد فارن پالیسی چلانے کی کوشش کررہا تھا۔وہ روس اور یوکرین جنگ میں نیوٹرل رہنے کی کوشش کررہا تھا، وہ روس اور چین کے ساتھ تعلقات بڑھا رہا تھا، روس پاکستان کو 30فیصدکم ریٹ پرتیل اور گندم دے رہا تھا، جس سے پاکستان کو فائدہ ہونا تھا۔ موجودہ وزیراعظم ساری باتیں مانے گا، موجودہ وزیراعظم پاکستان کے مفادات کو امریکا کی فارن پالیسی کیلئے قربان کرے گا۔یہ اب نیوٹرل بھی نہیں رہ سکیں گے، چین کے ساتھ تعلقات کو کم کرنا پڑیں گے، روس کے ساتھ تجارت نہیں کریں گے۔یہ ایجنڈا پر آئے ہیں، اس کرپٹ آدمی کو سازش کی وجہ سے اوپر بٹھایا گیا ہے، اس کے خاندان پر 40ارب کے کرپشن کیسز ہیں، میں نے کل وائٹ پیپر بھی دیا ہے۔ان کے نیب اور ایف آئی اے میں کیسز ہیں، سزائیں بھی ہوچکی ہیں، اب یہ ساری باتیں امریکا کی مانے گے، بالکل ویسے ہی جیسے امریکی دہشتگردی کی جنگ میں شرکت کی۔ امریکا کی جنگ میں شرکت کرکے اپنے 80 ہزار لوگوں کو قربان کیا، ملک کی تباہی کی، قبائلی علاقوں کی تباہی کی، 400 ڈرون اٹیک کروائے۔ہم پھر اس طرف جا رہے ہیں، اسی وجہ سے حکومت تبدیل کی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ میں نے چیف جسٹس اور

صدر مملکت کو خط لکھا ہے کہ اس پر تحقیقات ہونی چاہئیں۔ اس پر اوپن سماعت ہونی چاہیے۔ اگر ہم نے یہ سب کچھ نہ کیا تو کوئی وزیراعظم پاکستان کے مفادات کی حفاظت نہیں کرے گا،وہ اپنے ملک کو کسی اور ملک کیلئے قربان کرے گا، جب تحقیقات ہوں گی، اعتماد کے ساتھ کہتا ہوں کہ پتا چلے گا کس نے غداری کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ہمارے اوپر توہین مذہب کے شرمناک کیسز بنائے ہیں، ان کو شرم آنی چاہیے، اصل میں ان پرغداری کے کیسز بننے چاہئیں، جو انہوں نے ملک کے ساتھ غداری کی ہے، میں قوم کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ آج چاند رات کو جھنڈے لے کر باہر نکلنا ہے، ملک کے اندر اور باہر پیغام دینا ہے کہ ہم حقیقی آزادی چاہتے ہیں ہم کسی کی غلامی نہیں چاہتے، غلامی نامنظور اور امپورٹڈ حکومت نامنظور، آپ سب نے پاکستان کیلئے نکلنا ہے، ثابت ہوگا کہ یہ قوم سوائے اللہ کے کسی کی غلامی کرنے کو تیار نہیں ہے۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button