موجودہ حکومت کو آرمی چیف جیسی مستقل تعیناتیوں کا کوئی حق حاصل نہیں،فواد چوہدری

اسلام آباد (نیوز ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء فواد چوہدری نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کو آرمی چیف جیسی مستقل تعیناتیوں کا کوئی حق حاصل نہیں ہے۔ تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ آئین منتخب وزیر اعظم کو آرمی چیف اور دیگر تعیناتیوں کا حق دیتاہے ، موجودہ حکومت کو ایسی مستقل تعیناتیوں کا کوئی حق حاصل نہیں ، اس حکومت کی حیثیت صرف عارضی ہے مستقل تعیناتیاں منتخب حکومت کرے گی ، امپورٹڈحکومت اگر ایسی تعیناتیوں کے خواب دیکھے گی تو ملک اور ادارے انار کی کا شکار ہو جائیں گے۔

خیال رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ نئے آرمی چیف کی تعیناتی قوائد و ضوابط کے مطابق کریں گے ، نئے آرمی چیف کا تقرر وزیر اعظم کا اختیار ہے ، فوج کے خلاف بات کرنا سازش کے زمرے میں آتا ہے ، آئین اور قانون میں اس کی سخت سزا ہے ۔دنیا نیوز کے مطابق وزیر اعظم ہاؤس میں سینئر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی کمیٹی کے اعلامیہ میں بڑے واضح طور پر لکھا ہے کہ حکومت گرانے میں کوئی سازش نہیں ہوئی ، اس کے بعد اب کوئی ابہام نہیں رہ جاتا ، مداخلت کا سازش سے کیا تعلق ہے ، عمران خان 7 مارچ کو آنے والے خط پر 28 مارچ تک منہ پر تالے ڈالے کیوں بیٹھے رہے ، اگر کوئی سازش تھی تو پہلے ہی معاملہ کیوں نہیں اٹھایا لیکن جب انہیں تحریک عدم اعتماد کی کامیابی اور اپنی شکست کا یقین ہوگیا تو سازش کا ڈرامہ رچادیا اس کے باوجود حکومت اس معاملے پر کمیشن بنانے کا سوچ سکتی ہے لیکن اس کا ابھی فیصلہ نہیں ہوا جب فیصلہ ہوگا تو بتا دیں گے۔وزیر اعظم نے کہا کہ سڑکوں پر انارکی پھیلانے کی اجازت نہیں دیں گے ، انتقام ہماری ڈکشنری میں ہے نہ ہی اس کا ہمارے پاس وقت ہے لیکن قانون اپنا راستہ بنائے گا اور جو بھی قانون ہاتھ میں لے گا اس کے خلاف کارروائی ہوگی ، فرح کے معاملے کو بھی دیکھ رہے ہیں ان پر جو الزامات ہیں ان کی تحقیقات کے بعد قانون کے مطابق فیصلہ ہوگا جب کہ انتخابات سے پہلے الیکشن اور دیگر ریفارمز ہوں گی ، الیکشن ریفارمز پر تحریک انصاف کو بھی دعوت دیں گے وہ پارلیمنٹ میں آئیں اور اس پر بات کریں۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button