امپورٹڈ وزیراعظم کے ہمراہ عمرہ پر جانے والوں کی طویل فہرست قابلِ تشویش بات ہے،شاہ محمود قریشی

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ امپورٹڈ وزیراعظم کے ہمراہ عمرہ پر جانے والوں کی طویل فہرست قابلِ تشویش بات ہے۔ تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ملک کے معاشی حالات جانتے ہوئے بھی سرکاری خرچے پر عیاشی ان کی بے شرمی اور لاپرواہی کی عکاس ہے ، کعبے کس منہ سے جاؤگے امپورٹڈ!دوسری طرف اے آر وائی نیوز نے رپورٹ کیا ہے کہ وزارت خارجہ نے قومی ایئرلائن سے وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ سعودی عرب کے لیے بوئنگ777 طیارے کا تقاضا کیا ہے ،

جس کے لیے وزارت خارجہ کی جانب سے پی آئی اے کے سی ای او کو خط لکھا گیا ہے۔اس خط میں کہا گیا ہے کہ بوئنگ 777 طیارہ اسٹینڈ بائی رکھا جائے‘ خصوصی پرواز اسلام آباد سے مدینہ ،جدہ ریاض اور واپس اسلام آباد آئے گی ۔ بتاتے چلیں کہ وزیر اعظم شہباز شریف اپنے پہلے غیر ملکی دورے پر 27 اپریل کو سعودی عرب جائیں گے اوراعلی سعودی حکام سے ملاقاتیں کریں گے ، وزیر اعظم شہباز شریف سعودی عرب کا تین روزہ کریں گے اور جہاں وہ سلمان بن عبدالعزیز ولی عہد محمد بن سلمان سمیت دیگر حکام سے ملاقات کریں گےاور کئی اہم امور پر بات چیت بھی کریں گے۔چند روز قبل سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے شہباز شریف کو وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی اور ولی عہد نے وزیر اعظم شہباز شریف کو دورہ سعودی عرب کی دعوت بھی دی تھی ، اس دوران وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے برادرانہ تعلقات ہیں اور وزیر اعظم شہباز شریف نے مبارکباد پر سعودی ولی عہد کا شکریہ ادا کیا۔وزیر اعظم شہباز شریف نے حرمین شریفین کے متولی شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو ان کی دور اندیش قیادت میں مملکت کی نمایاں ترقی کرنے پر زبردست خراج تحسین پیش کیا، وزیر اعظم شہباز شریف نے دوطرفہ اور بین الاقوامی فورمز پر تاریخی اور مسلسل حمایت اور تعاون پر سعودی عرب کا شکریہ ادا کیا جبکہ ولی عہد کو یقین دلایا کہ پاکستان ہر وقت مملکت کے ساتھ کھڑا رہے گا۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button