ڈیل طے پا گئی،دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک نےٹوئٹر خرید لیا

نیویارک (نیوز ڈیسک) ڈیل طے پا گئی، ایلون مسک نے ٹوئٹر خرید لی، کمپنی کے انتظامی بورڈ نے ٹیسلا کمپنی کے مالک کے ساتھ 44 ارب ڈالرز کی ڈیل طے پانے کا اعلان کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق دنیا کے امیر ترین شخص اور ٹیسلا کمپنی کے مالک ایلون مسک ٹیکنالوجی کی دنیا کی حالیہ تاریخ کی ایک بڑی ڈیل فائنل کرنے میں کامیاب ہو گئے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے دی گارڈین کی رپورٹ کے مطابق ٹوئٹر کمپنی کے بورڈ ممبران کمپنی کی فروخت کیلئے ایلون مسک کی پیش کش قبول کرنے کیلئے راضی ہو گئے۔ بتایا گیا ہے کہ پیر کے روز اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ ٹوئٹر کمپنی کے بورڈ

ممبران اور شیئر ہولڈرز کمپنی ایلون مسک کو 43 ارب ڈالرز میں فروخت کرنے پر سنجیدگی سے غور کر رہے ہیں۔اس حوالے سے پیر کے روز بورڈ ممبران کی اہم میٹنگ کے ہوئی جس میں گفت و شنید کے بعد کمپنی کی فروخت کے معاملات طے کر لیے گئے۔ڈیل کے تحت ایلون مسک نے ٹوئٹر کو 44 ارب ڈالرز کے عوض خرید لیا ہے۔ اس سے قبل خلیج ٹائمز کی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ ایلون مسک کی پیش کش قبول کرنے کی صورت میں ٹویٹر کے شیئر ہولڈرز کو فی شیئر 54.20 ڈالرز ملیں گے۔ واضح رہے کہ ٹیسلا کمپنی کے مالک نے کچھ روز قبل ٹوئٹر کو فی شیئر 54 ڈالر کے حساب سے 43 ارب ڈالرز کی پیش کش کی تھی۔ ایلون مسک نے ٹوئٹر کے انتظامی بورڈ کو لکھے خط میں کہا تھا کہ ٹوئٹر ایک سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے طور پر اپنے اندر غیر معمولی امکانات لیے ہوئے ہے اور میں ان امکانات کو استعمال میں لاؤں گا۔ایلون مسک نے اپنے خط میں ٹوئٹر کے بورڈ کو پیشکش کی کہ وہ اس کمپنی کے 100 فیصد شیئرز کو فی شیئر 54.20 امریکی ڈالر کی قیمت میں خریدنے پر تیار ہیں۔ ابتدائی طور پر بورڈ ممبران اور میجر شیئر ہولڈرز کی جانب سے ایلون مسک کی ڈیل کو قبول کرنے سے ہچکچاہٹ کا اظہار کیا گیا تھا، تاہم کئی روز تک جاری رہنے والی بات چیت اور پیش کش کی سنجیدگی ظاہر ہونے کے بعد اب ٹوئٹر باقاعدہ طور پر ایلون مسک کو فروخت کر دی گئی ہے۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button