عوامی نیشنل پارٹی نے حکومت کا حصہ بننے سے معذرت کرلی

اسلام آباد (نیوز ڈیسک)عوامی نیشنل پارٹی ( اے این پی ) نے حکومت کا حصہ بننے سے معذرت کرلی ۔ہ اے این پی کو گورنر خیبرپختونخوا سمیت ایک وزارت کی آفر کی گئی تھی تاہم پارٹی سربراہ اسفندر یار ولی نے قائدین کو حکومت کا حصہ بننے سے روک دیا۔ اس حوالے سے اسفند یار ولی نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن کے مشکور ہیں جنہوں نے حکومت کا حصہ بننے کے لیے مدعو کیا تاہم مشکلات کو مدنظر رکھ کرفیصلہ کیا ہے کہ اتحادیوں کو کابینہ میں جگہ دیں ، ملک پہلے سے مشکلات سے دوچار ہے مزید مشکلات نہیں چاہتے ، اس وقت ہماری توجہ پارٹی کومزید منظم
اور فعال بنانے پر مرکوز ہے۔ادھر حکومتی اتحادیوں کے معاملات طے پاگئے‘ وزراء کی فہرست بھی سامنے آگئی ، کابینہ میں ن لیگ ، پیپلزپارٹی ، جے یو آئی اور ایم کیوایم کے وزرا کو شامل کیا گیا ہے ، دیگراتحادی جماعتوں سےتعلق رکھنے والے وزرا بھی اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے ، نئی وفاقی کابینہ 36 رکنی ہوگی جس میں پیپلزپارٹی کے 11 ، ن لیگ کے 14 اور جے یو آئی کے 4 وزرا حلف اٹھائیں گے جب کہ 7 وزارتیں دیگر اتحادی جماعتوں کو دی جائیں گی ، تقریب حلف برداری کے بعد وفاقی وزرا کے محکموں کا نوٹی فیکیشن جاری کیا جائے گا۔معلوم ہوا ہے کہ مسلم لیگ ن کی طرف سے خواجہ آصف، احسن اقبال، رانا ثناءاللہ، ایاز صادق، رانا تنویر، خرم دستگیر، سعد رفیق، جاوید لطیف، ریاض پیرزادہ، مرتضیٰ جاوید عباسی اور اعظم نذیر تارڑ کابینہ کا حصہ ہیں ، پیپلز پارٹی کے خورشید شاہ، نوید قمر اور شیری رحمان، قادر پٹیل، شازیہ مری، مرتضیٰ محمود، ساجد حسین ، احسان الرحمان اور عابد حسین کابینہ کا حصہ ہوں گے۔اسی طرح جمعیت علمائے اسلام ف کے اسعد محمود، عبدالواسع، مفتی عبدالشکور اور سینیٹر طلحہ محمود کابینہ میں شامل ہوں گے ، متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے امین الحق اور فیصل سبزواری بھی کابینہ کا حصہ ہیں ، بلوچستان عوامی پارٹی کے اسرار ترین، جمہوری وطن پارٹی کے شاہ زین بگٹی کابینہ کا حصہ ہیں جب کہ پاکستان مسلم لیگ ن کی عائشہ غوث پاشا اور عبدالرحمان وزیر مملکت ہوں گے اسی طرح پیپلز پارٹی کی حنا ربانی کھر، مصطفی نواز کھوکھر بھی وزیر مملکت ہوں گے جبکہ پیپلز پارٹی کے سینئر رہنماء قمر زمان کائرہ مشیر برائے وزیراعظم ہوں گے اور ن لیگ کے امیر مقام کے علاوہ مفتاح اسماعیل بھی وزیراعظم کے مشیر ہوں گے۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button