وزیراعظم آزادکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی کا مستعفی ہونے کا فیصلہ، استعفیٰ چیئرمین عمران خان کو بھجوادیا

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبد القیوم نیازی نےمستعفی ہونے کا فیصلہ کرلیا۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو اپنا استعفیٰ بجھوا دیا ہے، وزیراعظم سردار عبد القیوم نیازی نے تمام حقائق سے عمران خان کو گزشتہ روز ملاقات میں آگاہ کر دیا تھا، وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی نے اپنے خلاف سازش اور مبینہ ڈیل سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا تھا۔وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے پیغام میں کہا ہے کہ وزارت عظمی آپ کی امانت تھی آج واپس کر رہا ہوں۔

اس سے قبل وزیراعظم آزاد کشمیر نے سردار تنویر الیاس سمیت 5 وزراء کو برطرف کر دیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ترجمان وزیراعظم آزاد کشمیر کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ آزاد کشمیر کے برطرف وزراء میں سینئر وزیر سردار تنویر الیاس اور وزیر تعلیم عبدالماجد خان بھی شامل ہیں۔اس کے علاوہ آزاد کشمیر کے برطرف وزراء میں علی شان سونی، خواجہ فاروق اور اکبر ابراہیم بھی شامل ہیں۔وزیراعظم آزاد کشمیر کی جانب سے وزراء کو برطرف کیے جانے کا باقاعدہ نوٹیفیکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔وزراء کوبد عنوانی،مشکوک سرگرمیوں کی وجہ سے کابینہ سے نکالاگیا ہے۔خیال رہے کہ ایک روز قبل پی ٹی آئی کی جانب سے اپنے ہی وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرائی گئی تھی۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے آج پارٹی چیئرمین عمران خان سے ملاقات کی تھی جس میں انہوں نے شکوہ کیا تھا اور کہا تھا کہ ان کے خلاف تحریک عدم اعتماد بڑی سازش ہے، آپ کو جو بتایا گیا وہ درست نہیں ہے، اپنے خلاف سازش کو ثابت کروں گا۔ذرائع کے مطابق اس موقع پر عمران خان کی جانب سے سردار عبد القیوم نیازی پر اعتماد کا اظہار کیا گیا اور انہیں مستعفی ہونے سے روک دیا گیا تھا تاہم اب یہ اطلاع سامنے آئی ہے کہ انہوں نے استعفیٰ دے دیا ہے۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button