عاصم باجوہ کے پاس اربوں کے اثاثے کیسے بن گئے، نواز شریف نے اے پی سی میں سوال اٹھادیا

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس میں سابق وزیراعظم نوازشریف نے چہیئر مین سی پیک اتھارٹی عاصم سلیم باجوہ کی کمپنیوں سے متعلق سکینڈل پر بھی سوالات اٹھادیے ۔ لندن سے وڈیو لنک کے ذریعے خطاب میں انہوں نے کہا کہ عاصم سلیم باجوہ کے خلاف اتنا بڑا سکینڈل سامنے آیا ، عاصم باجوہ اور ان کے خاندان کے پاس انتے زیادہ اثاثے کہاں سے آگئے؟ اربوں روپے کے اثاثے کیسے بن گئے؟ یہ پوچھنے کی کسی کی مجال نہیں ، میڈای پر خاموشی چھاگئی ، نہ نیب حرکت میں آئی ، نہ کسی عدالت نے نوٹس لیا ، نہ کوئی جے آئی ٹی بنی ، اور نہ کوئی ریفرنس دائر ہوا ،

نہ کوئی جے آئی ٹی بنی نہ کوئی مانیٹرنگ جج بیٹھا ، نہ کوئی پیشی ہوئی ، اور وزیراعظم کہتے ہیں وہ کسی کو این آر او نہیں دیں گے ۔ نواز شریف کا اے پی سی سے ورچوئل خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ میں وطن سے دور ہوتے ہوئے جانتا ہوں کہ وطن عزیز کن مشکلات سے دوچار ہے۔ان کا کہنا تھا کہ میں اس اے پی سی کو فیصلہ کن موڑ سمجھتا ہوں، ایک جمہوری ریاست بنانے کے لیے ضروری ہے کہ ہم مصلحت چھوڑ کر فیصلے کریں۔سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کو ہمیشہ جمہوری نظام سے مسلسل محروم رکھا گیا ہے، جمہوریت کی روح عوام کی رائے ہوتی ہے، جس کا مطلب ہے کہ ملک کا نظام وہ لوگ چلائیں جنہیں لوگ ووٹ کے ذریعے حق دیں۔انہوں نے کہا کہ آئین کے مطابق جمہوری نظام کی بنیاد عوام کی رائے ہے، جب ووٹ کی عزت کو پامال کیا جاتا ہے تو جمہوری عمل بے معنی ہو جاتا ہے، انتخابی عمل سے قبل یہ طے کر لیا جاتا ہے کہ کس کو ہرانا کس کو جتانا ہے، کس کس طرح سے عوام کو دھوکا دیا جاتا ہے، مینڈیٹ چوری کیا جاتا ہے۔مسلم لیگ ن کے قائد نے کہا کہ پاکستان کو ایسے تجربات کی لیبارٹری بنا کر رکھ دیا گیا ہے، اگر کوئی حکومت بن بھی گئی تو اسے پہلے بے اثر پھر فارغ کر دیا جاتا ہے، بچے بچے کی زبان پر ہے کہ ایک بار بھی منتخب وزیراعظم کو مدت پوری نہیں کرنے دی گئی۔نواز شریف کا کہنا تھا کہ آئین پر عمل کرنے والے ابھی تک کٹہروں اور جیلوں میں ہیں لیکن کیا کبھی کسی ڈکٹیٹر کو سزا ملی؟انہوں نے مزید کہا کہ ڈکٹیٹر کو بڑے سے بڑے جرم پر کوئی اسے چھو بھی نہیں سکتا، کیا کسی ڈکٹیٹر کو سزا ملی؟ ایک ڈکٹیٹر پر مقدمہ چلا خصوصی عدالت بنی،

کارروائی ہوئی، سزا سنائی گئی لیکن کیا ہوا؟ان کا کہنا تھا کہ ووٹ سے بنا وزیراعظم کوئی قتل، کوئی پھانسی اور کوئی غدار قرار دیا گیا، منتخب وزیراعظم کی سزا ختم ہونے کو آہی نہیں رہی، یہ سزا عوام کو مل رہی ہے۔قائد مسلم لیگ ن نے کہا کہ یہاں مارشل لاء ہوتا ہے یا متوازی حکومت قائم ہو جاتی ہے، یوسف رضا گیلانی نے ایک بار کہا تھا کہ یہاں ریاست کے اندر ریاست ہے، لیکن معاملہ ریاست کے اندر سے نکل کر ریاست کے اوپر چلا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ عالمی برادری میں ہماری ساکھ ختم ہو کر رہ گئی ہے، نتائج تبدیل نا کیے جاتے تو بے ساکھی پر کھڑی یہ حکومت وجود میں نہ آتی، انتخابات ہائی

جیک کرنا آئین شکنی ہے، عوام کے حقوق پر ڈاکا ڈالنا سنگین جرم ہے۔نواز شریف نے سوال کیا کہ 2018 کے عام انتخابات میں گھنٹوں آر ٹی ایس کیوں بند رہا؟ انتخابات میں دھاندلی کس کے کہنے پر کی گئی؟ اس کا سابق چیف الیکشن کمشنر اور سیکرٹری کو جواب دینا ہو گا، جو دھاندلی کے ذمہ دار ہیں انہیں حساب دینا ہو گا۔ان کا کہنا تھا کہ اس نااہل حکومت نے پاکستان کو کہاں سے کہاں پہنچا دیا ہے، ایک کروڑ نوکریوں کا جھانسا دینے والوں نے لوگوں کا روزگار چھین لیا، سی پیک کنفوژن کا شکار ہے، کوئی ایک ترقیاتی منصوبہ شروع نہیں کیا گیا، اگر پاکستان میں ووٹ کو عزت نا ملی تو ملک مفلوج ہی

رہے گا۔سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملک بے امنی اور افراتفری کا گڑھ بن چکا ہے، پاکستان کی خارجہ پالیسی بنانے کا اختیار عوامی نمائندے کے پاس ہونا چاہیے، ہم کبھی ایف اے ٹی ایف کبھی کسی اور فورم میں کھڑے جواب دے رہے ہوتے ہیں، ایک غیر مقبول کٹھ پتلی حکومت کو دیکھ کر بھارت نے کشمیر کو اپنا حصہ بنا لیا، کیوں آج دنیا ہماری بات سننے کو تیار نہیں؟ کیوں ہم تنہائی کا شکار ہیں؟انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بیانات دیے جس سے سعودی عرب کی دل شکنی ہوئی، ہمیں او آئی سی کو مضبوط کرنا چاہیے۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button