ملک میں جاری سیاسی ڈرامے کا ابھی ڈراپ سین نہیں ہو گا،چوہدری پرویز الٰہی

لاہور(نیوز ڈیسک) اسپیکر پنجاب اسمبلی اور مسلم لیگ ق کے رہنما چوہدری پرویز الہیٰ نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ جلسوں سے تحریک عدم اعتماد پر کوئی فرق نہیں پڑتا۔انہوں نے کہا کہ ملک میں جاری سیاسی ڈرامے کا ابھی ڈراپ سین نہیں ہو گا۔ڈرامے کے کردار تبدیل ہوں گے، ہانڈی پک چکی، آدھی بٹ چکی اور آدھی بانٹی جا رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ سیاست میں اسلام کو لانے والوں کا کوئی مستقبل نہیں ہے،ہمارا مستقبل اللہ کے فضل سے روشن ہے، ہمارا دامن پاک صاف اور دین سے جڑا ہوا ہے۔ پرویز الہی نےایک سوال کے جواب میں کہا کہ جو باہر بیٹے

ہیں ان کی بیماری کی دوائی ابھی نہیں آئی،جلسوں کی سیاست سے تحریک عدم اعتماد پر فرق نہیں پڑتا۔دوسری جانب حکومت اور اتحادی جماعت مسلم لیگ (ق) کے درمیان ملاقات طے پا گئی ،شاہ محمود قریشی اور پرویز خٹک آج (ہفتہ) کے روز مسلم لیگ (ق) کی قیادت سے ملاقات کریں گے۔بتایا گیا ہے کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا سپیکر پنجاب اسمبلی و مسلم لیگ (ق) کے مرکزی رہنما چوہدری پرویز الٰہی سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں موجودہ سیاسی صورتحال کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ بتایا گیا ہے کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور وزیر دفاع پرویز خٹک آج ہفتہ کے روز مسلم لیگ (ق) کی قیادت سے ملاقات کریں گے جس میں تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے گفتگو کی جائے گی۔شاہ محمود قریشی اور پرویز ختک اتحادی جماعت مسلم لیگ (ق) کی قیادت کو وزیر اعظم عمران خان کا خصوصی پیغام بھی پہنچائیں گے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ملاقات میں ق لیگ کی جانب سے اپنے تحفظات کا اظہار کیا جائے گا۔یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ ق لیگ میں بھی اختلاف رائے موجود ہے وہاں بھی دو سوچیں ہیں،چوہدری شجاعت اور ان کے صاحبزادے ن لیگ کے لیے نرم گوشہ رکھتے ہیں جب کہ پرویز الہیٰ اور مونس الہیٰ تحریک انصاف کے ساتھ چلنے کو ترجیح دیتے ہیں۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button