عدم اعتماد پر ووٹنگ میں ایک سے ڈیڑھ ماہ تاخیر کی جائے، وزیراعظم کو ارکان کی تجویز

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت سیاسی کمیٹی کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔ اجلاس میں وزیراعظم نے کہا کہ اپوزیشن کے خوابوں کے تابوت میں آخری کیل ٹھونک دی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق اجلاس کے دوران حکومت نے قومی اسمبلی اجلاس کی حکمت عملی تیار کرلی ہے ،اجلاس میں عدم اعتماد سے متعلق مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔اجلاس میں کمیٹی ارکان نےجمعہ کو اجلاس مختصر رکھنے کی تجویز دی جبکہ اجلاس کو ایم این اے خیال زمان کی وفات پر فاتحہ خوانی کے باعث ملتوی کرنے کی تجویز بھی دی گئی تھی۔ اجلاس میں اپوزیشن کو عدم اعتماد کی

تحریک پیش نہ کرنے دینے کی تجویز سمیت اجلاس غیر معینہ مدت تک ملتوی کرنے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔ سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں عدم اعتماد پر ووٹنگ میں ایک سے ڈیڑھ ماہ تاخیر کی تجویز دی گئی ہے۔رپورٹ کے مطابق حکومت کی سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں پیش کی گئی تجاویز کو ابھی تک حتمی شکل نہیں دی گئی۔ اس اجلاس کے دوران (آج) جمعہ کے اجلاس میں تمام حکومتی اراکین کی حاضری کو یقینی بنانے کی تجویز دی گئی تھی۔ اسی طرح اجلاس میں تمام اتحادیوں کو بھی شرکت کا کہنے کی تجویز دی گئی۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ اتحادی ہمارے ساتھ ہیں، اس لیے اپوزیشن کے ساتھ جانے کا اعلان نہیں کر رہے۔اس میں بتایا گیا کہ اتحادی ابھی تک ہمارا حصہ ہیں، ایسی بات ہوتی تو استعفیٰ دے چکے ہوتے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کو جو خوش فہمی ہے اتحادی اس میں نہیں آئیں گے۔انہوں نے کہاکہ اتحادیوں کا باضابطہ اعلان نہ کرنا ظاہر کرتا ہے کہ وہ حکومت کے حامی ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ اتحادیوں سے رابطے میں ہوں، ہمیں مایوس نہیں کریں گے،منحرف اراکین کے خلاف 7 روز ہونے کے بعد کارروائی کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پرامید ہیں سپریم کورٹ کا فیصلہ ہمارے حق میں آئے گا، تمام منحرف اراکین تاحیات نا اہل ہوں گے۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ 27 مارچ کو معلوم ہوجائے گا عوام کس کے ساتھ ہیں، عوام کا سمندر اسلام آباد میں ہوگا، مقابلے کے لیے کوئی نہیں ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ہم یہ لڑائی جیت چکے ہیں، اپوزیشن کے خوابوں کے تابوت میں آخری کیل ٹھونک دی ہے۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button