وزیراعظم کی جانب سے اعلان کردہ بجلی کے بلوں پر ملنے والے ریلیف پر کڑی شرائط عائد

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) وزیراعظم کی جانب سے اعلان کردہ بجلی کے بلوں پر ملنے والے ریلیف پر کڑی شرائط عائد، صرف سنگل فیز میٹر کے حامل، 700 سے کم یونٹس استعمال کرنے والے صارفین کو ریلیف ملے گا، بڑے کمرشل اور صنعتی صارفین بھی ریلیف سے محروم رہیں گے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے آئندہ مالی سال کے بجٹ تک بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 5 روپے کمی کے اعلان کردہ ریلیف کے اطلاق کیلئے لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی نے نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے۔نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق بجلی کے بلوں پر ملنے والے ریلیف کے

حوالے سے کڑی شرائط عائد کی گئی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم کا اعلان کردہ ریلیف صرف سنگل فیز میٹر کے حامل بجلی کے صارفین کو ریلیف ملے گا، تھری فیز میٹرز والے صارفین کو کوئی ریلیف نہیں ملے گا، جبکہ صارفین پر محدود یونٹس کے استعمال کی شرط بھی عائد کی گئی ہے۔بتایا گیا ہے کہ 700 سے زائد یونٹس استعمال کرنے والے بجلی کے صارفین کو لیسکو کی جانب سے ریلیف نہیں دیا جائے گا۔ اس کے علاوہ بجلی کے بڑے کمرشل اور صنعتی صارفین کو ریلیف نہیں مل سکے گا۔ واضح رہے کہ 18 مارچ کو نیپرا نے وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے بجلی کی قیمت میں کمی کے حوالے سے کیے گئے فیصلے کے اطلاق کی باقاعدہ منظوری دے دی تھی۔ نیپرا کی باقاعدہ منظوری کے بعد وفاقی حکومت نے بھی بجلی کی قیمت میں کمی کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا، جس کے تحت صارفین کو مارچ تا جون تک فی یونٹ بجلی کی قیمت میں 5 روپے کمی کا ریلیف ملے گا، جبکہ مجموعی طور پر 106 ارب روپے کی سبسٹڈی دی جائے گی۔یاد رہے 28 فروری کو وزیراعظم عمران خان نے پٹرول، ڈیزل اور بجلی سستی کرنے کی خوشخبری سنائی تھی۔ انہوں نے سرکاری ٹی وی چینل پی ٹی وی اور ریڈیو پاکستان پر براہ راست قوم سے اپنے خطاب میں کہا تھا کہ حکومت بڑھانے کی بجائے 10روپے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت فی لیٹر کم کررہی ہے، جبکہ بجلی کی قیمت بھی 5 روپے فی یونٹ سستی کررہے ہیں، اگلے بجٹ تک تیل اور بجلی کی قیمت میں اضافہ نہیں کریں ۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button