یوم پاکستان، آرمی چیف عوام میں گھل مل گئے،سکیورٹی اہلکاروں کو پیچھے کردیا،عوام سے گپ شپ کرتے رہے

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) قوم آج یوم پاکستان ملی جوش و جذبے کے ساتھ منارہی ہے‘ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اس حوالے سے مرکزی تقریب منعقد کی گئی جہاں مسلح افواج کی جانب سے شاندار پریڈ کی گئی ۔ دن کا آغازمساجد میں خصوصی دعاؤں سے ہوا اور پاک فوج نے توپوں کی سلامی دی ، اسلام آباد کے شکر پڑیاں پریڈ گراؤنڈ میں ہونے والی یوم پاکستان کی مرکزی تقریب میں صدر پاکستان عارف علوی ، وزیر اعظم عمران خان ، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل ندیم رضا ، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ ، نیول چیف ایڈمرل اجمل خان نیازی اور ائیر وائس مارشل زبیر حسن خان بھی موجود ہیں ،

اس کے علاوہ او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس کے شرکاء کو بھی پریڈ میں پر مدعو کیا گیا ہے اور او آئی سی کے فلوٹ کو خصوصی طور پر پریڈ کا حصہ بنایا گیا ۔ تقریب کے اختتام پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ عوام میں گھل مل گئے۔آرمی چیف نے نوجوانوں سے مصافحہ کیا اور گپ شپ بھی کی۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ پریڈ گراونڈ میں لوگوں سے ملاقات کر رہے تھے تو سکیورٹی سٹاف لوگوں کو ایک طرف کر کر رہے تھے تاہم آرمی چیف نے اپنے سکیورٹی اسٹاف کو ہٹا دیا اور لوگوں سے ملنے لگ گئے۔اس حوالے سے سوشل میڈیا پر ویڈیوز بھی وائرل ہیں جن میں آرمی چیف کو انتہائی خوشگوار ماحول میں شرکاء سے گپ شپ کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔۔ خیال رہے کہ دن 23 مارچ 1940ء کو آل انڈیا مسلم لیگ کے اجلاس میں منظور کی گئی قرارداد کی یاد میں منایا جاتا ہے جس کی روشنی میں برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک الگ وطن کا خواب پایہ تکمیل کو پہنچا ، یہ قرارداد لاہور کے منٹو پارک میں میں پیش کی گئی جہاں اس کی یادگار کے طور پر مینار پاکستان تعمیر کیا گیا جب کہ منٹوپارک کے مقام پرآج گریٹراقبال پارک موجود ہے۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button