ہمیں بحیثیت قوم درپیش چیلنجوں کا ادراک کرنا چاہیے ، وزیراعظم

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہمیں بحیثیت قوم درپیش چیلنجوں کا ادراک کرنا چاہیئے ، ماضی کی حکومتوں نے قومی مفاد اورعوام کی فلاح وبہبود کی بجائے ذاتی مفادات کو ترجیح دی‘ آج ہم اپنی عظمت رفتہ کی بحالی کی شاہراہ پر گامزن ہیں جس میں سابقہ حکومتوں نے خلل ڈالا تھا ، اللہ تعالیٰ مجھ سمیت تمام پاکستانیوں کو ملک کے عظیم بانیان کے نقش قدم پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے ۔تفصیلات کے مطابق یوم پاکستان پر جاری کردہ اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ 23 مارچ تخلیق پاکستان کے حقیقی مقاصد انصاف اور مساوات پر کاربند رہنے کے ہمارے عزم کی تجدید کا دن ہے،

آج ہم بابائے قوم اور تحریک آزادی کے ان تمام رہنماؤں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے بے مثال قربانیوں کے ذریعے قوم کو متحد کرنے کی جدوجہد کی۔ عمران خان نے کہا کہ نوجوانوں کیلئے یہ جاننا ضروری ہے کہ پاکستان ایک طویل جمہوری جدوجہد سے معرض وجود میں آیا اور اب اس کے استحکام اور ترقی کی کلید سخت محنت ، دیانتداری اور اخلاقیات میں مضمر ہے، یہ دن مناتے ہوئے ہمیں قائد اعظم محمد علی جناح کے دیئے ہوئے سنہری اصولوں ایمان ، اتحاد اورتنظیم پر کاربند رہنے کی ضرورت ہے، ہمیں خود کو ریاست مدینہ کی طرز پر ملک کو ایک حقیقی فلاحی ریاست بنانے کیلئے وقف کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں بحیثیت قوم درپیش چیلنجوں کا ادراک کرنا چاہیے، ہماری حکومت نے غربت کے خاتمے اور انصاف کے فروغ کیلئے طویل المدت اصلاحات متعارف کرائیں اور اقدامات اٹھائے ہیں، ہماری توجہ معاشرے کے نظرانداز کیے جانے والے طبقے اور انہیں مساوی مواقع فراہم کرنے پر مرکوز ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ کامیاب پاکستان پروگرام نوجوانوں، کاشت کاروں، چھوٹے کاروبار اورکم لاگت کے مکانات کے شعبہ کیلئے زبردست اقتصادی فوائد کا حامل ہے، قومی صحت کارڈ کے فلیگ شپ پروگرام سے تمام شہریوں کو صحت کی ہمہ گیر سہولیات فراہم ہوں گی جو ملک کی تاریخ میں ایک بے مثال پروگرام ہے۔عمران خان نے کہا کہ ہم اپنی عظمت رفتہ کی بحالی کی شاہراہ پر گامزن ہیں جس میں سابقہ حکومتوں نے خلل ڈالا تھا، ماضی کی حکومتوں نے قومی مفاد اورعوام کی فلاح وبہبود کی بجائے ذاتی مفادات کو ترجیح دی، کرپشن کے خاتمے اور اخلاقی معیارات کو بلند کرنے کی جدوجہد کیلئے اسی جذبے کی ضرورت ہے جس کا مظاہرہ ہمارے آبا و اجداد نے تحریک آزادی کے دوران کیا تھا۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button