اسلامو فوبیا کے خلاف اقوام متحدہ میں پاکستان کا کردار قابل تعریف ہے،سعودی وزیر خارجہ

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود نےاقوام متحدہ میں پاکستان کا کردار قابل تعریف قرار دے دیا ۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں ہونے والی او آئی سی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسلامو فوبیا کے خلاف اقوام متحدہ میں پاکستان کا کردار قابل تعریف ہے ، اسلامو فوبیا کے خلاف پاکستان مسلمان ممالک کی آواز بنا اور اسلامو فوبیا کے خلاف 15 مارچ عالمی دن قرار دینا بہترین کامیابی ہے ۔سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ اسلامو فوبیا کے خلاف عالمی دن بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ میں معاون ثابت ہو گا ، اسی طرح عالمی قرار دادوں

کے تحت فلسطین کا مسئلہ حل ہونا چاہیے اور ٹرسٹ فنڈ کے ذریعے نقل مکانی کرنے والوں کی مدد کی جائے گی جب کہ مسئلہ کشمیر فریقین کے درمیان حل طلب معاملہ ہے اور ہم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہیں ، مذاکرات سے یہ معاملہ بھی حل ہونا چاہیے۔ خیال رہے کہ پاکستان کی میزبانی میں او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کا 48 ویں اجلاس جاری ہے ، جس کی وجہ سے پاکستان اس وقت ایک بار پھر عالمی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے ، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اوفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ہونے والے اس جلاس کی صدارت کررہے ہیں ، جس میں او آئی سی رکن ممالک کے وزرائے خارجہ اور مبصر ممالک کے نمائندے بھی شریک ہیں ، وزیر اعظم عمران خان نے بھی او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کیا ۔قابل ذکر بات یہ ہے کہ او آئی سی اقوام متحدہ کے بعد دُنیا کی دوسری بڑی بین الاقوامی تنظیم ہے اور دنیا بھر کے 57 مسلم ممالک اس کے رکن ہیں ، او آئی سی کے فیصلوں پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کیلئے ہر سال اجلاس ہوتا ہے ، پاکستان ، سعودی عرب ، ترکی ، افغانستان ، ایران ، انڈونیشیا ، ملائشیا ، اردن ، کویت ، لبنان ، لیبیا ، الجزائر ، چاڈ ، مصر ، یمن ، سوڈان ، صومالیہ ، فلسطین ، مراکش اور نائیجیریا بنیادی ارکان ہیں جب کہ چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی بطور خصوصی مہمان اجلاس میں شریک ہیں ، اس کے علاوہ او آئی سی غیر رکن ممالک ، اقوام متحدہ ، عرب لیگ اور گلف کوآپریشن کے سینیئر نمائندگان بھی کانفرنس میں شریک ہیں جب کہ یہ تمام معزز مہمان 23 مارچ کی یوم پاکستان کی پریڈ میں بھی شرکت کریں گے ۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button