مریم نواز کی اچانک طبیعت ناساز ہوگئی، ڈاکٹروں نے سفر سے منع کردیا، جلسہ منسوخ

اسلام آباد (نیوز ڈیسک )پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کی اچانک طبیعت ناساز ہوگئی ‘ ڈاکٹروں نے سفر سے منع کردیا اور پاکستان مسلم لیگ ن کا سوات جلسہ منسوخ کر دیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے بتایا ہے کہ سابق وزیراعظم نوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز کی طبیعت اچانک خراب ہوگئی ہے اور انہیں تیز بخار ہوگیا ہے ، جس کی وجہ سے ڈاکٹروں نے انہیں سفر کرنے سے منع کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام خاص طور پر اہل سوات سے معذرت خواہ ہیں اور عوام سے مریم نوازشریف کی صحت یابی کے لئے دعا کی اپیل کرتے ہیں۔

یاد رہے گزشتہ روز مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز اسلام آباد ہائی کورٹ میں ایون فیلڈ ریفرنس پر اپیل کی سماعت کے دوران عدالت میں پیش ہوئی تھیں جہاں انہوں نے میڈیا سے گفتگو بھی کی اور کہا کہ عمران خان کی پوری پارٹی ان کے ہاتھوں سے ریت کی طرح نکل گئی ، ایسا حال تو کسی تانگہ پارٹی کا نہیں ہوتا ، جو آپ کو چھوڑ کر جا رہے ہیں ہمیں ان کو خریدنے کی کیا ضرورت ہے؟ نوازشریف نے باہر بیٹھ کر آپ کو گھر میں گھس کر مارا ۔نائب صدر ن لیگ نے کہا کہ عمران خان کی گنتی کبھی پوری نہیں تھی ، کبھی آپ کہتے ہیں جو چھوڑ کر چلے گئے وہ لوٹے ہیں ، کبھی انہیں کہتے ہیں واپس آ جاؤ کچھ نہیں کہوں گا ، کبھی عمران خان کہتے ہیں ان کے خلاف بیرونی سازش ہو رہی ہے ، ان کے خلاف کسی ملک کو سازش کی ضرورت نہیں ، یہ اپنے لیے خود کافی ہیں اس لیے سازش والی بات نہ کریں ، لوگ آپ پر ہنستے ہیں ۔ مریم نواز نے وزیراعظم کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ آپ کوپتہ ہی نہیں ملک کو کیسے چلایا جاتا ہے، حکومت سے 10 لوگ پورے نہیں ہو رہے ، آپ اپنے 10 لوگ پورے کر لیں ، 10 لاکھ لوگ جمع کرنے کی ضرورت نہیں ، آپ نے نیب، ایف آئی اے ، اینٹی کرپشن کو نیوٹرل نہیں رہنے دیا اور اب نیوٹرل کے لفظ پر آپ کی پارٹی بکھر گئی۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button