بزدارحکومت کا لاہور کے شہریوں کیلئے ایک اور بڑے منصوبے کا آغاز،شاندار تفصیلات منظرعام پرآگئیں

لاہور(نیوز ڈیسک) بزدار حکومت کی جانب سے لاہور کے شہریوں کیلئے ایک اور بڑے منصوبے کا آغاز، وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے فیروز پور روڈ پر ایک ہزار بیڈ کے جنرل ہسپتال کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا۔ جنرل ہسپتال کے منصوبے کے پہلے مرحلے میں 250 بستروں پر مشتمل ایمرجنسی و ٹراما سینٹر بنے گا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہسپتال 123 کنال اراضی پر بنے گا۔پہلے مرحلے میں 250 بیڈز کی ایمرجنسی بلاک اور ٹراما سینٹر بنایا جائے گا۔ ہسپتال کی مجموعی لاگت کا تخمینہ 7ارب 55کروڑ روپے لگایاگیا ہے۔

پہلے مرحلے میں بیسمنٹ،گراؤنڈ فلور اور6فلور تعمیر کیے جائیں گے اور انشاء اللہ اگست2023ء تک یہ ہسپتال فنکشنل ہوگا۔ اس بڑے ہسپتال میں کارڈیک اور بلڈ ڈیزیز کے ہسپتال بھی بنائے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ فیروز پور روڈ پر یہ اراضی عرصہ دراز سے خالی پڑی تھی۔ہماری حکومت نے شہر کے وسط میں اس اراضی کو فلاح عامہ کیلئے استعمال میں لانے کا فیصلہ کیا۔ہسپتال بننے سے لاہور کے شہریوں کو علاج معالجے کی جدید ترین سہولتیں میسر آئیں گی۔ انہو ںنے کہا کہ اس سڑک پر ٹریفک کے لوڈ کی مینجمنٹ کیلئے ایل ڈی اے کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ جناح ہسپتال اور سروسز ہسپتال میں بھی نئی ایمرجنسیز بنیں گی اور ان تمام منصوبوں کیلئے 17 ارب روپے مختص کر دیئے ہیں اور ان ایمرجنسیز کو انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اتھارٹی پنجاب مکمل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ مارچ کے آخر تک پنجاب کے ہر شہری کے پاس ہیلتھ کارڈ ہوگا اور شہری ہیلتھ کارڈ کے ذریعے 10 لاکھ روپے سالانہ کا مفت علاج کرا سکتے ہیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب میں 23 ہسپتال بنائے جا رہے ہیں۔158 ہیلتھ فسلیٹیز کو اپ گریڈ کر دیا ہے جبکہ 150 کے قریب مزید ہیلتھ فسلیٹیز کو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار سوشل سکیورٹی کے 6 نئے ہسپتال بن رہے ہیں۔سوشل سکیورٹی کے قانون میں تبدیلی لا رہے ہیں اور اب عام شہری بھی سوشل سکیورٹی ہسپتالوں کی ایمرجنسیز میں علاج معالجے کی سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ

پنجاب کو ہیلتھ کے حوالے سے مثالی صوبہ بنائیں گے۔تحریک انصاف کی حکومت نے ساڑھے تین برس میں فلاح عامہ کے جو کام کئے ہیں اس کی مثال 70 برس میں نہیں ملتی۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے اپنے خطاب میں کہا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ہمیشہ پورا سپورٹ کیا ہے۔لاہور میں ایمرجنسیز کے بیڈز کی تعداد میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔جناح ہسپتال اور سروسز ہسپتال میں نئی ایمرجنسیز پر جلد کام شروع ہوگا۔ ایمرجنسیز میں مجموعی طور پر800 بیڈز کا اضافہ ہوگا۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اتھارٹی پنجاب نے منصوبے کے بارے میں بریفنگ دی۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد، ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور، چیف سیکرٹری، سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن، کمشنر لاہور ڈویژن، سیکرٹری اطلاعات، ڈی جی ایل ڈی اے، سی ای اوانفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اتھارٹی پنجاب اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button