اقوام متحدہ نے15مارچ کو اسلاموفوبیا کیخلاف عالمی دن قراردیدیا

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) اقوام متحدہ نے 15مارچ کو اسلامو فوبیا کیخلاف عالمی دن قرار دے دیا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اسلاموفوبیا کی بڑھتی ہوئی لہر کے خلاف ہماری آواز سنی گئی، اقوام متحدہ نے اوآئی سی کی ایماء پر پاکستان کی پیش کردہ تاریخی قرارداد منظور کرلی ہے، اقوام متحدہ کیلئے اگلا چیلنج قرارداد پر عملدرآمد یقینی بنانا ہے۔انہوں نے ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ میں آج امتِ مسلمہ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ اسلاموفوبیا کی بڑھتی ہوئی لہر کے خلاف ہماری آواز سنی گئی اور 15 مارچ کو اسلاموفوبیا کے تدارک کے عالمی دن کے طور پر مقرر کرتے ہوئے اقوام متحدہ نے

او آئی سی کی ایماء پر پاکستان کی پیش کردہ تاریخی قرارداد منظور کی۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ نے بالاآخر دنیا کو درپیش سنگین چیلنج کو تسلیم کرلیا، اقوام متحدہ کے لیے اگلا چیلنج تاریخی قرارداد پر عملدرآمد یقینی بنانا ہے، مسلمانوں کیخلاف نفرت انگیزتقاریر اور امتیازی سلوک کو کم کرنا ہوگا۔اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے اورسیز ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ میں اسلاموفوبیا کیخلاف بحث ہو رہی ہے قرارداد پاس ہوگی، بیرون ملک رہنے والے پاکستانیوں کو علم ہے اسلاموفوبیا کیا ہے، فخر ہے دنیا میں اسلاموفوبیا کا مسئلہ اٹھایا، آج اقوام متحدہ میں قرارداد منظور ہوگی۔ مزید برآں اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے اسلاموفوبیا سے متعلق بیان میں کہا کہ اسلاموفوبیا سے مسلمانوں پرتشدد میں اضافہ ہوا، نائن الیون کے بعد مسلمانوں پرتشدد کے واقعات بڑھے، عمران خان نے اسلاموفوبیا کیخلاف اقوام متحدہ میں آواز اٹھائی۔مذہبی آزادی ہرشخص کا بنیادی حق ہے، مختلف ممالک میں سیاسی مقاصد کے لیے اسلاموفوبیا کو ہوا دی جاتی ہے۔ منیر اکرم نے کہا کہ اسلاموفوبیا کےخلاف آگاہی اور تدارک کے لیےاقدامات کی ضرورت ہے، اسلام اور مسلمانوں کے خلاف نفرت کو روکنا ہوگا۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button