ایم کیوایم کا حکومت کو بڑا جھٹکا، پیپلزپارٹی کیساتھ اتحاد کرلیا، حکومتی صفوں میں کھلبلی مچ گئی

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) پیپلزپارٹی اور ایم کیوایم نے وسیع ترملکی مفاد میں اکٹھے کام کرنے پر اتفاق کرلیا ہے، ایم کیوایم کے تمام ترنکات پر عملدرآمد کرا نے بھی یقین دہانی کرا دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کے صدر آصف علی زرداری اور پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے ایم کیوایم وفد نے ملاقات کی۔ملاقات میں پاکستان پیپلزپارٹی اور ایم کیوایم کی قیادت کے درمیان ملکی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ پیپلزپارٹی اور ایم کیوایم نے ملک کے وسیع تر مفاد میں ایک دوسرے سے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

پیپلزپارٹی نے ایم کیوایم کے تمام تر نکات سے بھی اتفاق کیا۔ زرداری ہاؤس اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں سید یوسف رضا گیلانی، سید مراد علی شاہ، سید ناصر حسین شاہ، سعید غنی، شرجیل میمن، رخسانہ بنگش ودیگر موجود تھے۔اسی طرح ایم کیوایم کے وفد میں عامر خان، خالد مقبول صدیقی، امین الحق، وسیم اختر، خواجہ اظہار اور جاوید حنیف شامل تھے۔ دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ عمران نیازی دس لاکھ چھوڑ کے1 کروڑ افراد بھی ڈی چوک پہ اکٹھے کر لیں وہ تحریک عدم اعتماد سے نہیں بچ سکتے چونکہ وہ ایوان میں اکثریت کھو چکے ہیں۔مہنگائی توڑنے والوں کا جتنا بڑا جلسہ کریں گے مہنگائی کے ستائے اس سے کئی گنا زیادہ آ سکتے ہیں۔ ہر رکن اسمبلی انشاءاللہ بحفاظت ووٹ ڈالے گا۔ اسی طرح اے آروائی کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے کورکمیٹی کے اجلاس میں اسد عمر اور عامر کیانی کو ذمہ داری سونپی کہ ڈی چوک جلسے کی بھرپور تیاری کریں، پراعتماد رہیں سازش کے خلاف سب ایک پیج پر ہیں۔ حلقوں میں جائیں اور لوگوں کو متحرک کریں، ڈی چوک جلسے کی تیاری شروع کردیں۔ انہوں نے کہا کہ خارجہ پالیسی پر دوٹوک مئوقف ہے جس پر عوامی حمایت حاصل ہے، جو کارکن کنفیوژ تھے انہوں نے جلسوں میں مقبولیت دیکھ لی ہے۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button