عمران خان پاکستان کی ضرورت ہیں،ق لیگ تو چند اضلاع کی پارٹی ہے، اسدعمر

اسلام آبا د(نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے ق لیگ کو پنجاب کے چند اضلاع کی پارٹی قرار دیا۔اسد عمر نے پاکستان اوور سیز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 2018ء کے الیکشن میں پی ٹی آئی کو پنجاب، خیبرپختونخوا اور سندھ کے شہری علاقوں میں سب سے زیادہ ووٹ ملے، گلگت بلتستان میں بھی سب سے زیادہ ووٹ لینے والی جماعت تحریک انصاف ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف خیبر سے کراچی ملک بھر کے پاکستانیوں کی پارٹی ہے جب کہ ق لیگ پنجاب کے چند اضلاع کی پارٹی ہے، مسلم لیگ ن جی ٹی روڈ کی پارٹی اور پیپلز پارٹی اندرون سندھ کی پارٹی ہے۔

اسد عمر نے عمران خان کو پاکستان کی ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح اور لیاقت علی خان کے بعد تمام ادارے مل کر کام کر رہے ہیں، اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد کو بھی ناکام بنا دیں گے۔قبل ازیں اسد عمر نے کہا ہے کہ کپتان اور اس کی ٹیم میدان میں آ گئی ہے اور ہر مقابلے کے لئے تیار ہے۔اپنی ٹوئٹ میں اسد عمر نے گزشتہ روز سیالکوٹ میں تحریک انصاف کے ورکرز کنونشن کے انعقاد پر کارکنوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔ اسد عمر نے کہا کہ سیالکوٹ کے تمام رہنما اور کارکن خصوصی طور پر عثمان ڈار کو انتہائی کامیاب ورکرز کنونشن منعقد کرنے پر مبارکباد دیتے ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے بغیر سیالکوٹ میں اتنے لوگ نکل آئے تو سوچیں کہ ان کے ساتھ ڈی چوک پر عوام کس تعداد میں ہوں گے۔اسد عمر نے کہا کہ کپتان اور اس کی ٹیم میدان میں آ گئی ہے اور ہر مقابلے کیلئے تیار ہے۔واضح رہے کہ قومی اسمبلی میں وزیر اعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش ہوچکی ہے ، جس کے بعد وزیر اعظم عوامی جلسوں میں اپوزیشن کو شدید تنقید کا نشانہ بنارہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں