عدم اعتماد کو چھوڑیں، ہمیں اس نظام پر ہی اعتماد نہیں، خالد مقبول صدیقی

کراچی(نیوز ڈیسک) ایم کیوایم پاکستان کے کنوینئر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ عدم اعتماد کو چھوڑیں، ہمیں اس نظام پر ہی اعتماد نہیں، وزیراعظم عدم اعتماد پر بات کرنے نہیں اپنا وعدہ نبھانے آئے تھے، عمران خان کے ساتھ ہیں جبھی تو وہ وزیراعظم ہیں۔ انہوں نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے مختصر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم تحریک عدم اعتماد پر بات کرنے نہیں آئے تھے،وزیراعظم عمران خان اپنا وعدہ نبھانے آئے تھے، عدم اعتماد کو چھوڑیں، ہمیں اس نظام پر ہی اعتماد نہیں،ایم کیوایم کو سیاسی دفاتر کی ضرورت نہیں، نائن زیرو ہمارا ہی نہیں ہے ان سے کیا مانگیں؟

پیپلزپارٹی اور ن لیگ نے آج رابطہ ہی نہیں کیا۔خالد مقبول صدیقی نے ایک سوال کیا آپ وزیراعظم کا ساتھ دیں گے؟ کے جواب میں کہا کہ عمران خان کے ساتھ ہیں جبھی تو وہ وزیراعظم ہیں۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما ایم کیوایم عامر خان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان آج بہادر آباد مرکز آئے تھے، وزیراعظم عمران خان سے کوئی شکوہ شکایت نہیں کی، وزیراعظم عرصے بعد آئے ہیں جو اچھی بات ہے،وزیراعظم سے ملاقات میں تحریک عدم اعتماد پر کوئی بات نہیں ہوئی۔انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم مرکز کی بحالی کا علم نہیں، حکومت کے اتحادی ہیں لیکن آپشنز کھلے ہوئے ہیں، ملک کو ترقی کی جانب لے جانے کے لیے سب نے کردار ادا کرنا ہے۔ ہم نیوز کے مطابق اس سے قبل وزیراعظم عمران خان سے ایم کیوایم اراکین سے ملاقات کی، وزیراعظم نے ایم کیوایم کے 4 رہنماوں سے فردا ًفردا ًہاتھ ملایا، وزیراعظم نے مصافحہ کے بعد خالد مقبول صدیقی کا ہاتھ تھامے رہے، وزیراعظم سے ملاقات میں ایم کیو ایم کا کوئی رکن سندھ اسمبلی شامل نہیں، وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ پی ٹی آئی کے4 اراکین سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ ، بلال غفار، خرم شیرزمان اور ارسلان تاج ہیں، وزیراعظم عمران خان اور ایم کیوایم وفد کے درمیان 25 منٹ تک بہادر آباد مرکز ملاقات ہوئی۔وزیراعظم سے سوال کیا گیا کہ عدم اعتماد کامیاب ہوگئی تو کیا کریں گے؟ جس پر عمران خان نے کہا کہ مشکلیں اتنی پڑیں کہ آسان ہوگئیں۔ یہ گیم وہاں جا رہی ہے جس کا میں ایکسپرٹ ہوں۔ ہر دن نئے چیلنجز کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور میں اس کیلئے تیار ہوں، چھٹیاں تب

کیں جب مجھے کورونا ہوا تھا۔ ہم نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے خالد مقبول صدیقی نے موجودہ سیاسی صورتحال پر مکالمہ کیا کہ سیاسی صورتحال کو کیسے دیکھ رہے ہیں؟ جس پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ حالات آپ کے سامنے ہیں ایم کیوایم کا ساتھ چاہیے، ایم کیوایم نے ہمیشہ ساتھ دیا ہے، عدم اعتماد کی تحریک کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ہمارے دفاتر اب تک نہیں کھلے ہیں، جس پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ آپ کے دفاتر جلد کھل جائینگے۔ مزید برآں وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ کراچی پہنچنے والوں میں شاہ محمود قریشی، اسد عمر

اور علی زیدی بھی شامل ہیں۔ وزیراعظم عمران خان مرکز بہادرآباد پہنچے تو سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے، پنڈال میں موجود تمام افراد کو موبائل کے استعمال سے روک دیا گیا، وزیراعظم عمران خان نیشنل اسٹیڈیم میں احساس پروگرام کے تحت تقریب میں شرکت کریں گے۔اسی طرح وزیراعظم عمران خان سے گورنرہاؤس میں پی ٹی آئی ارکان سندھ اسمبلی اور پارٹی رہنماء بھی ملاقات کریں گے۔ وزیراعظم عمران خان کی جی ڈی اے رہنماؤں سے بھی ملاقات کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button