شہباز شریف کی سراج الحق سے ملاقات،تحریک عدم اعتماد پر حمایت مانگ لی

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے امیر جماعت اسلامی سراج الحق سے ملاقات میں وزیراعظم عمران خان کے خلاف اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد پر حمایت طلب کرلی ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے امیر جماعت اسلامی سراج الحق سے ملاقات کی ، اس دوران دونوں قائدین نے تحریک عدم اعتماد سمیت ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ، اس موقع پر شہباز شریف نے سراج الحق سے وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر حمایت مانگی تو امیر جماعت اسلامی نے اس معاملے پر پارٹی

کی شوریٰ سے مشاورت کے بعد جواب دینے کی حامی بھر لی۔ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ کوئی شک نہیں کہ حکومت ہر معاملے میں ناکام ہوئی ، اس کی وجہ سے پی ٹی آئی کے اپنے لوگ ہی نالاں نظر آتے ہیں تاہم شہبازشریف سے کہا کہ افراد کی تبدیلی کسی مسئلے کا حل نہیں ، شہبازشریف کو تجویز دی کہ عوام سے رجوع کیا جائے ، نئے مینڈیٹ کے لیے ضروری ہے کہ شفاف انتخابات ہوں ، تمام سیاسی جماعتوں کا الیکشن اصلاحات پر اتفاق ہے ، افرادکی تبدیلی یے بجائے اللہ کا نظا م ملک کے لیے بہتر ہوگا ۔اس موقع پر صدر ن لیگ شہباز شریف نے کہا کہ ہم عوامی حکومت کے خواہاں ہیں ، چاہتے ہیں صاف شفاف انتخابات سے عوامی حکومت آئے ، تحریک عدم اعتماد کی بات بھی عوام کی خواہش پر آگے بڑھائی گئی ، امیر جماعت اسلامی سے تحریک عدم اعتماد پر بات ہوئی ، سراج الحق سے ملاقات میں اپنی اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کا موقف پیش کیا۔ اپوزیشن لیڈر کی اس بات کا جواب دیتے ہوئے سراج الحق نے کہا پارٹی شوریٰ سے مشورہ کرنے کے بعد تحریک عدم اعتماد پر ردعمل دیں گے ، سیاست میں کوئی بات حتمی نہیں ہوتی ، سیاست میں سیاسی جماعتوں کو قائل کیا جاتا ہے ، ہم سیاسی کوشش جاری رکھے ہوئے ہیں۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button