جلسے میں آڑے ہاتھوں لینے کے اگلے روز ہی یورپی یونین کے صدر کا وزیراعظم عمران خان کو ٹیلیفون

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )یوکرین تنازع پر یورپی یونین کے صدر نے وزیر اعظم عمران خان کو کال کی ہے۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ انھیں آج پیر کو یورپی یونین کے صدر چارلس میشل کی کال آئی ہے، وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے بتایا کہ صدر ای یو نے درخواست کی کہ روس، یوکرین تنازع پر پاکستان ثالثی کا کردار ادا کرے۔وزیر اعظم عمران خان نے ٹویٹ میں لکھا کہ یورپی یونین کے صدر سے آج یوکرین کی صورت حال پر بات ہوئی، میں نے ان سے روس یوکرین جنگ پر تشویش کا اظہار کیا، اور انھیں جنگ سے ترقی پذیر ملکوں پر منفی اثرات کا بتایا۔

وزیر اعظم نے لکھا کہ انھوں نے فوجی جنگ بندی، تناؤ میں کمی، اور روس یوکرین تنازع ڈائیلاگ اور ڈپلومیسی سے حل کرنے پر زور دیا، ای یو صدر نے بھی اتفاق کیا کہ پاکستان جیسے ملک امن کی کوششوں میں کردار ادا کر سکتے ہیں۔انھوں نے مزید بتایا کہ وہ مشترکہ مقاصد کے لیے قریبی رابطوں کے منتظر ہیں۔ واضح رہے کہ اس سے قبل وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم پاکستان روس یوکرین معاملے پر عملی اقدامات کریں گے۔یاد رہے کہ گزشتہ روز میلسی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے یورپی یونین کے سفیر کی جانب سے بھیجے گئے ایک خط کے بارے میں بات کی تھی، انھوں نے کہا تھا کہ یورپی یونین روس کے خلاف ہماری حمایت چاہتے ہیں۔خطاب میں وزیر اعظم نے سخت لہجہ اختیار کرتے ہوئے یورپی یونین کو مخاطب کیا اور کہا میں یورپی یونین کے سفیر سے پوچھتا ہوں کہ کیا یہ خط بھارت کو بھی لکھا گیا؟ کیا کسی نے بھارت کے اقدامات پر بھی اس سے کچھ پوچھا؟ کیا ہم آپ کے غلام ہیں جو آپ کہیں وہ کر لیں؟عمران خان نے روس یوکرین تنازع پر ریاستی مؤقف واضح کرتے ہوئے کہا کہ ہماری روس امریکا، چین اور یورپ سب سے دوستی ہے، ہم کسی کیمپ میں نہیں، اور چاہتے ہیں کہ یوکرین میں جنگ بند ہو۔انھوں نے کہا تھا کہ دنیا کو اس جنگ سے بہت نقصان ہو رہا ہے، جنگ کی وجہ سے تیل کی قیمتیں بڑھ گئی ہیں، ہم جنگ میں کسی کا ساتھ نہیں دیں گے، اور امن میں سب کا ساتھ دیں گے۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button