سعودی عرب میں داخلے کیلئے منفی کرونا پی سی آر ٹیسٹ رپورٹ اور قرنطینہ سمیت کون کونسی شرائط ختم کردی گئیں ،جانئے تفصیلات

ریاض (نیوز ڈیسک) سعودی عرب میں داخلے کے لیے منفی کرونا پی سی آر ٹیسٹ رپورٹ اور قرنطینہ کی شرط ختم، حرمین شریفین اور دیگر مساجد میں سماجی فاصلے کی پابندی بھی ختم، سعودی حکومت نے کورونا ایس اوپیز کے حوالے سے عائد پابندیوں میں نرمی کر دی۔ خلیجی خبر رساں ادارے عرب نیوز کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کی حکومت نے مملکت میں نافذ کورونا ایس اوپیز کے حوالے سے عائد پابندیوں میں نرمی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔بتایا گیا ہے کہ آئندہ سے مملکت میں داخل ہونے والوں کیلئے منفی پی سی آر ٹیسٹ رپورٹ اور قرنطینہ کی شرط بھی ختم کردی گئی ہے۔

سعودی حکومت نے سماجی فاصلے کی پابندی بھی ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ حرمین شریفین اور تمام مساجد میں نماز باجماعت کے لیے سماجی فاصلے کی پابندی ختم کردی گئی ہے تاہم نمازیوں اور عازمین پر عائد ماسک کے استعمال کی شرط بدستور برقرار رکھی گئی ہے۔حرمین شریفین اور مساجد کے ساتھ ساتھ باقی تمام مقامات پر بھی سماجی فاصلے کی پابندی کو ختم کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ تاہم یہ وضاحت بھی کی گئی ہے کہ کھلے مقامات پر تو ماسک کے استعمال کی پابندی نہیں ہو گی، تاہم بند مقامات پر ماسک استعمال کرنا لازمی ہے۔ سعودی حکومت نے وزٹ ویزہ پر مملکت آنے والے غیر ملکیوں پر واضح کیا ہے کہ انہیں ایسی میڈیکل انشورنس جس میں کورونا کے علاج کی مکمل سہولت فراہم کی گئی ہو، اسے حاصل کرنا لازمی ہوگا ۔بتایا گیا ہے کہ سعودی حکومت کے ان تمام تازہ ترین فیصلوں کا ہفتہ 5 مارچ سے اطلاق کر دیا گیا ہے۔ دوسری جانب سعودی عرب میں کورونا کی جاری لہر بھی دم توڑ گئی ہے۔ سعودی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مملکت میں کورونا کے 283 مریضوں کی تصدیق ہوئی، ایک مریض جاں بحق، 525 مریض شفایاب ہوئے، جبکہ 443 کی حالت نازک ہے۔ سعودی عرب میں اب تک 747119 کورونا کیسز رپورٹ ہو چکے جبکہ 9006 افراد جان کی بازی ہارے۔ 726876 مریض صحتیاب ہونے میں کامیاب رہے۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button