موٹروے کیس، مرکزی ملزم عابد کی معلومات لیک کرنے والے شخص کی نشاندہی کرلی گئی
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) موٹروے زیادتی کیس میں مرکزی ملزم عابد کی تصویر اور معلومات لیک کرنے والے شخص کی نشاندہی کرلی گئی ۔ میڈیا ذرائع کے مطابق موٹروے زیادتی کیس میں مرکزی ملزم عابد کی تصویر اوراس کے بارے میں دیگر معلومات لیک ہونے کے معاملے کی ابتدائی رپورٹ ایوان وزیراعلیٰ کو موصول ہوگئی ۔ جس میں بتایا گیا ہے کہ رپورٹ فرانزک ڈیپارٹمنٹ سے لیک ہوئی ، رپورٹ لیک کرنے والے شخص کی بھی نشاندہی کرلی گئی ہے جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو حتمی رپورٹ ان کے دورہ جنوبی پنجاب سے واپسی پرپیش کی جائے گی ۔میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب کابینہ نے ملزم
عابد کی تصویر لیک ہونے پرشدیداحتجاج کیاتھا ۔ دوسری طرف معروف تجزیہ کار ڈاکٹر شاہد مسعود نے انکشاف کیا ہے کہ موٹر وے زیادتی کیس کے مرکزی ملزم عابد کو پہلے ہی اطلاع مل جاتی ہے کہ پولیس کب اور کہاں چھاپے مارنے والی ہے ۔نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موٹر وے پر خاتون کے ساتھ زیادتی کرنے والا مرکزی ملزم عابد جہاں کہیں بھی ہے اسے چھاپے پڑنے سے پہلے ہی اطلاع پہنچ جاتی ہے کہ پولیس کی طرف سے کہاں چھاپہ پڑنے والا ہے ، اور یہ کیا بات ہوئی اور یہ کون سا قانون ہے کہ اس کی اہلیہ کو پکڑ لیا ہے ، آج اس معاملے کو 8 دن ہو گئے ہیں اس لیے اس سارے معاملے کو سنجیدگی سے دیکھنے کی ضرورت ہے، سوچنے کی بات یہ ہے کہ یہ سب کیسے ہو رہا ہے اور یہ سب دھڑے بندی کی وجہ سے ہو رہا ہے ۔ یاد رہے کہ موٹر وے زیادتی کیس کے مرکزی ملزم کی سالی کشور بی بی نے بتایا کہ عابد علی نے اپنا حلیہ مکمل طور پر تبدیل کر لیا ہے، ملاقات کیلئے آیا تو پولیس کو اطلاع دے دی تھی ، لیکن وہ پولیس پہنچتے ہی فرار ہوگیا ۔