آئی ٹی کی تعلیم کیلئے اسپانسر شپ پروگرام ،امانتدارویلفیئر ٹرسٹ اور ایرینا ملٹی میڈیا کا معاہدہ طے پاگیا
کراچی(نمائندہ خصوصی)امانتدار ویلفیئر ٹرسٹ نے نوجوان طلبا اور طالبات کے لئے وظیفہ پروگرام مرتب کیا ہے ۔ جس کے تحت ابتدائی طور پر 6 ماہ کا ڈپلومہ کورس سپانسر شپ کا آغاز کیا ہے۔ اس سلسلے میں ایک تقریب میں ایرینا ملٹی میڈیا کی طرف سے ارشد خلیل اور امانتدار ویلفیئر ٹرسٹ کی طرف سے چیئر مین کریم اللہ عدنی نےمعاہدے پر دستخط کیے۔امانتدار ویلفیئر ٹرسٹ اور ایرینا ملٹی میڈیا کے درمیان ہونے والے معاہدے کے تحت اس پروگرام کا 50فیصدخرچہ امانتدار ویلفیئر ٹرسٹ ادا کرے گی اور 25فیصد ایرینا ملٹی میڈیا جبکہ25فیصد طلبہ خود ادا کریں گے ۔
اس پروگرام میں 200 ایسے طلبہ منتخب کئے گئے ہیں جو با صلاحیت ہیںلیکن مالی مشکلا ت کی وجہ سے آئی ٹی کی تعلیم حاصل کرنا مشکل ہے ۔ ترجمان امانتدار ویلفیئر ٹرسٹ شازیہ کاسی کا کہنا ہے کہ اکثرذہین اور باصلاحیت بچے یتیم ہیں یا غریب گھرانوں سے تعلق رکھنے کی وجہ سے اپنی تعلیم کو جاری نہیں رکھ سکتے۔انہوں نے کہا کہ آج کل آئی ٹی کا دور ہے جس کی تعلیم نہ ہونے کی وجہ سے اچھی ملازمت سے بھی محروم رہتے ہیں ۔ ادارے کا مقصد بھی یہی ہے کہ یہ نوجوان اچھی ملازمت حاصل کر کے اپنی اور اپنے خاندان کا معیار زندگی بہتر بنا سکیں گے ۔ یہ پروگرام مخیر حضرات کے عطیات سے ممکن ہوا ہے ۔