میاں چنوںواقعہ،اب تک کتنے ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا، حکومت نے اہم اعلان کردیا

اسلام آباد( نیوز ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی علامہ طاہراشرفی نے کہا ہے کہ میاں چنوں واقعہ کی مذمت کرتے ہیں ، واقعے کے ذمہ داروں کو گرفتارکرلیا گیا ، جن لوگوں نے یہ کام کیا ہے انہیں معافی نہیں ملے گی ۔ انہوں نے کہا کہ مشتعل ہجوم نے جو کیا وہ ناقابل معافی ہے ، واقعہ میں ملوث ملزمان سمیت 62 افراد کو گرفتارکرلیا گیا ہے ، وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب نے واقعہ کا فوری نوٹس لیا ۔علامہ طاہراشرفی نے کہا ہے کہ پولیس کی تعداد کم اور مشتعل افراد کی تعداد زیادہ تھی ، اگر کوئی جرم کرتا ہے تو پولیس اور عدالتیں موجود ہیں ، انتظامیہ لمحہ بہ لمحہ صورت حال سےآگاہ کررہی ہے ۔

قبل ازیں وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کسی فرد یا گروہ کی جانب سے قانون ہاتھ میں لینے کی کوشش قطعاً گوارا نہیں کی جائے گی ، ہجوم کے ہاتھوں سے تشدد کو نہایت سختی سے کچلیں گے ، میں نے آئی جی پنجاب سے میاں چنوں واقعے کے ذمہ داروں اور فرائض کی انجام دہی میں ناکام رہنے والے پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی تفصیلات طلب کی ہیں۔خیال رہے کہ پنجاب کے ضلع خانیوال کے دور دراز گاؤں میں ہجوم نے ایک شخص کو مبینہ طور پر قرآن پاک کی مبینہ توہین کر نے پر پتھر مار کر قتل کردیا تھا ۔ اس واقعے پر ردِ عمل دیتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا کہ اگر معاشرے میں اسکول ، تھانوں اور منبر کی اصلاح نہ ہوئی تو بڑی تباہی کے لیے تیار رہیں ، میں نے بارہا اپنے نظام تعلیم میں تباہ کن شدت پسندی کی جانب توجہ دلائی ہے ، سیالکوٹ اور میاں چنوں جیسے واقعات عشروں سے نافذ تعلیمی نظام کا حاصل ہیں یہ مسئلہ قانون کے نفاذ کے ساتھ ساتھ معاشرے کی تنزلی کا بھی ہے۔یاد رہے کہ ہجوم کے تشدد کے حالیہ واقعے سے محض 2 ماہ قبل ہی ایک سری لنکن منیجر کی سیالکوٹ میں فیکٹری ورکرز کے ہاتھوں تشدد سے موت کا واقعہ پیش آیا تھا جس نے بین الاقوامی توجہ حاصل کرلی تھی۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button