قانون کے مطابق سارے ٹیکس ادا کررہی ہوں، مریم نواز
لاہور(نیوز ڈیسک) مریم نواز نے ایف بی آر کے نوٹس کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا۔لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ نے ایف بی آر کے انکم سپورٹ لیوی ٹیکس کے نوٹسز کیخلاف مریم نواز کی درخواست پر سماعت کی۔ عدالت نے مریم نواز کو جاری ٹیکس نوٹسز پر عمل درآمد روک دیا۔عدالت نے آئندہ سماعت پر ایف بی آر کو جواب جمع کروانے کا حکم دیتے ہوئے مریم نواز کو بھجوائے گئے ایف بی آر کے انکم سپورٹ لیوی ٹیکس کے نوٹسز معطل کردیے۔مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے ایف بی آر کے انکم سپورٹ لیوی ٹیکس کے نوٹس کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا ہے، انہوں نے لاہور ہائیکورٹ کے
سنگل بنچ کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرتے ہوئے ایف بی آر سمیت دیگر کو فریق بنایا ہے۔مریم نواز نے اپنی درخواست میں مؤقف پیش کیا ہے کہ ایف بی آر کی جانب سے 6 لاکھ 57 ہزار کے انکم سپورٹ لیوی ٹیکس کے نوٹسز بھجوائے گئے ہیں، جب کہ میں قانون کے مطابق سارے ٹیکسز ادا کر رہی ہوں، تمام ٹیکسز ادا کرنے کے باوجود ایف بی آر نے ریکوری کے نوٹس بھجوائے ہیں، جب کہ لاہور ہائیکورٹ کے سنگل بنچ نے بھی ریکارڈ کا درست جائزہ لیے بغیر درخواست خارج کردی۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ لاہور ہائیکورٹ ایف بی آر کی جانب سے بھجوائے گئے نوٹسز اور سنگل بینچ کا فیصلہ کالعدم قرار دے۔