لاہور میں شدید دھند، فلائٹ آپریشن 12 گھنٹے سے بند

لاہور (نیوز ڈیسک) لاہور میں شدید دھند کے باعث علامہ اقبال ایئر پورٹ پر فلائٹ آپریشن 12 گھنٹے سے بند ہے، جہاں شدید دھند کی وجہ سے حدِ نظر سو میٹر سے بھی کم ہے۔ تفصیلات کے مطابق علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر فلائٹ آپریشن بند ہونے کی وجہ سے 36 مقامی اور بین الاقوامی پروازوں کی لاہور کے لیے آمد و رفت متاثر ہوئی۔لاہور کی 10 بین الاقوامی پروازوں کو اسلام آباد اتارا گیا، جبکہ 2 مقامی پروازوں کو کراچی واپس کر دیا گیا۔ متعدد ایئر لائنز نے انٹرنیشنل مسافروں کو اسلام آباد سے بسوں کے ذریعے روانہ کیا، لاہور ائیر پورٹ سے بھی مسافر بسوں کے ذریعے اسلام آباد بھیجے گئے۔

مسقط، دمام، جدہ، ابو ظہبی کی فلائٹس ابھی بھی لاہور ایئر پورٹ پر لینڈنگ کی منتظر ہیں۔مشہد، دوحہ، دبئی، ریاض، کنمنگ، استنبول، ڈھاکا، مسقط کی پروازیں لاہور لینڈ نہیں کر سکیں، لاہور سے مدینہ، جدہ، ابو ظہبی، شارجہ، دبئی، دمام اور دوحہ پروازوں کی روانگی بھی معطل ہے۔ دوسری جانب سیالکوٹ ایئر پورٹ پر بھی دھند کے باعث فضائی آپریشن متاثر ہونے کی وجہ سے متعدد فلائٹس لینڈ نہیں سکیں۔ ایوی ایشن ذرائع کے مطابق لاہور اور اطراف میں آج شام کو صورتِ حال بہتر ہونے کی توقع ہے۔واضح رہے کہ لاہور شہر میں دھند کا راج برقرار ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں بارش کاکوئی امکان نہیں، شہر کے بیچ میں حد نگاہ 200 میٹر تک ریکارڈ کی جا رہی ہے۔ محکمہ تحفظ ماحولیات پنجاب نے آج کا ائیر کوالٹی انڈیکس جاری کردیا۔ ٹائون ہال لاہور میں ائیر کوالٹی انڈیکس128ریکارڈ کیا گیا۔ ٹائون شپ سیکٹر ٹو میں ائیر کوالٹی انڈیکس 80، کوٹ لکھپت انڈسٹریل ایریا میں ائیر کوالٹی انڈیکس194 جبکہ نیشنل ہاکی سٹیڈیم لاہور کا ائیر کوالٹی انڈیکس 187ریکارڈ کیا گیا۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button