کورونا کیسز میں اضافہ، تعلیمی ادارے بند کر دیے گئے

مظفر آباد(نیوز ڈیسک)عالمی وبا کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر آزاد کشمیر کے علاقہ بھمبر میں تمام تعلیمی ادارے بند کرنے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق آزادکشمیر کے علاقے بھمبر میں کورونا کیسز میں اضافہ کے بعد تمام سرکاری، نجی تعلیمی ادارے 4 سے 11 فروری تک بند رہیں گے جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔قبل ازیں کورونا کیسز آنے پر ضلع بھمبر میں 49 تعلیمی ادارے پہلے ہی بند کیے جا چکے ہیں۔ دو روز قبل کوٹلی آزاد کشمیر میں کورونا کیسز کی شرح 19 فیصد تک پہنچ گئی جس کے پیش نظر تعلیمی ادارے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

کورونا کے پھیلاؤ کے پیش نظر کوٹلی میں تمام تعلیمی ادارے 2 فروری سے 9 فروری تک بند رکھنے کا نوٹی فکیشن بھی جاری کیا گیا۔واضح رہے کہ کورونا کی پانچویں لہر نے ملک بھر میں پنجے گاڑ لیے ہیں اور روزانہ کئی اموات جب کہ ہزاروں افراد کورونا وائرس سے متاثر ہورہے ہیں۔ کورونا کے باعث وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت کئی صوبوں میں تعلیمی اداروں کی بندش کا سلسلہ جاری ہے اور کئی تعلیمی اداروں نے آن لائن تعلیمی سلسلہ شروع کردیا ہے۔ دوسری جانب اسلام آباد میں کورونا پھیلاؤ کے باعث مزید 5 تعلیمی ادارے سیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، دارالحکومت اسلام آباد میں یکم جنوری سے اب تک 169 تعلیمی اداروں میں کورونا کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔علاوہ ازیں یکم فروری کو خیبر پختونخواہ کے دارلحکومت پشاورمیں کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظرانتظامیہ نے مزید چار اسکول اور ایک ہاسٹل کو بند کردیا تھا۔ بند کئے جانے والے اسکولز میں گورنمٹ گرلز ہائیر سیکنڈری سکول یونیورسٹی ٹاؤن، گورنمنٹ گرلز ہائیر سکینڈری اسکول وڈ پگہ، ورکنگ فاکس سکول حیات آباد، اقرا پبلک سکول ورسک روڈ اور بے نظیر گرلز ہاسٹل شامل ہیں۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button