مہنگائی کے بعد مزید مہنگائی، دس یا 20 نہیں گھی کی فی کلو قیمت میں 66روپے اضافہ ہوگیا

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) یوٹیلیٹی اسٹورز پر اشیاء کی قیمتوں میں مزید اضافہ کردیا گیا ‘ گھی ، آئل ، صرف ، صابن ، شیمپو اور مصالحہ جات سمیت متعدد اشیاء کی قیمتیں بڑھانے کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا ‘ قیمتوں میں اضافے کا اطلاق فوری طور پر ہوگا ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اس سلسلے میں جاری کردہ نوٹی فکیشن سے معلوم ہوا ہے کہ یوٹیلیٹی اسٹورز پر مختلف برانڈ ز کے درجہ اول اور دوئم کے مختلف گھی آئل کی فی کلو قیمت میں 66 روپے تک اضافہ کیا گیا ہے ، جس کے بعد درجہ اول کا برانڈڈ گھی 355 روپے فی کلو سے بڑھ کر 402 روپے اور آئل 355 روپے فی کلو سے

بڑھ کر 412 روپے فی کلو ہوگیا ، اسی طرح درجہ اول کے گھی کا 5 کلو والا ڈبہ 1795سے بڑھ کر 2032 روپے کا ہو چکا ہے یوں 5 کلو گھی کے ڈبے کی قیمت میں بھی 237 روپے اضا فہ ہوا جب کہ درجہ اول کے 5 کلو آئل کے ڈبے کی قیمت 1795 سے بڑھ کر 2085 روپے ہوگئی کیوں کہ 5 کلو آئل کی قیمت میں 287 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔بتایا گیا ہے کہ یوٹیلیٹی اسٹورز پر مصالحہ جات کی قیمتوں میں بھی اضافہ کیا گیا ہے جہاں ہلدی کے سوگرام پیکٹ پر 8 روپے کا اضافہ ہوا جس کے بعد 100 گرام ہلدی کا پیکٹ 35 روپے سے بڑھ کر 43 روپے کا ہوگیا ، گرم مصالحہ کی قیمت میں 16روپے اضافہ کیا گیا اور گرم مصالحہ پاؤڈر کے 50 گرام پیکٹ کی قیمت 67 روپے سے بڑھ کر 81 روپے ہوچکی ہے ، سفید زیرہ کا 200 گرام پیکٹ 198 سے بڑھ کر 230 روپے کا ہوگیا ، سفید زیرہ کی قیمت میں 32 روپے اضافہ ہوا، بڑی الائچی کی 100 گرام قیمت 95 روپے سے بڑھا کر 98 روپے کی گئی ہے ، بڑی الائچی کی قیمت میں 3روپے سو گرام پیکٹ پر اضافہ ہوا۔نوٹی فکیشن کے مطابق دودھ کے فی لیٹر برانڈڈ ڈبے کی قیمت میں 5 روپے اضافہ کیا گیا ہے ، برانڈڈ ڈبہ پیک دودھ 157روپے سے بڑھ کر 162روپے کا ہو گیا ، مکس اچار کی فی کلو قیمت میں 65 روپے اضافہ ہوا ، مکس اچار 285 روپے سے بڑھ کر 350 روپے فی کلو ہوگیا ، 950 گرام کیچ اپ کا پاؤچ 242 سے بڑھ کر 268 روپے ہوگیا ، کیچ اپ کی قیمت میں 26 روپے اضافہ ہوا۔ اس کے علاوہ یوٹیلیٹی سٹورز پر دالوں کی قیمتوں میں بھی اضافہ

کیا گیا ہے ، دال چنا کی فی کلو قیمت میں 17روپے اضافہ ہوا ، دال چنا کی قیمت فی کلو 145سے 162روپے ہوگئی ، سفید چنے کی قیمت میں 53 روپے فی کلو اضافہ ہوا تو سفید چنے فی کلو 165روپے سے بڑھ کر 218روپے فی کلو ہوگئے ، دال مسور کی فی کلو قیمت میں 85 روپے کا اضافہ ہوا ، دال مسور فی کلو 130 روپے سے بڑھ کر 215 روپے ہو گئی ، دال ماش کی قیمت میں فی کلو 13روپے کا اضافہ ہوا ، دال ماش 265 روپے فی کلو سے بڑھ کر 278 روپے ہوگئی ، کالے چنے کی قیمت میں فی کلو 17روپے اضافہ ہوا اور کالے چنے کی قیمت فی کلو 155سے بڑھ کر 172روپے ہوگئی۔

دوسری طرف اس اضافے پر موقف دیتے ہوئے یوٹیلیٹی اسٹورز انتظامیہ نے کہا کہ چند کمپنیوں نے مختلف برانڈڈ اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ کیا جو اوپن مارکیٹ میں نئے نرخوں پر فروخت ہو رہی ہیں ، اس لیے یوٹیلیٹی اسٹورز پر بھی چند برانڈڈ اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ، یوٹیلیٹی اسٹورز پر 14 اکتوبر 2021ء سے اشیاء کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ، یوٹیلیٹی اسٹورز پر ان برانڈڈ اشیاء کی قیمتیں اوپن مارکیٹ سے کم رہیں گی۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button