قومی ٹیم میں واپسی کا خواب دیکھنا چھوڑ دیا،کامران اکمل

لاہور(نیوز ڈیسک) وکٹ کیپر بیٹر کامران اکمل نے پاکستان ٹیم میں واپسی کا خواب دیکھنا چھوڑ دیا۔ ایک انٹرویو میں 40 سالہ کامران اکمل نے کہا کہ میں اب ملک کی نمائندگی کا نہیں سوچ رہا، محمد رضوان نمبر ون وکٹ کیپر بیٹر اور بڑی محنت سے اس مقام تک پہنچے ہیں، انھیں ہر فارمیٹ میں بھرپور موقع دیا جائے اور ساتھ ہی متبادل بھی تیارکرنا بہتر ہوگا۔انھوں نے کہا کہ ابھی میری ریٹائرمنٹ کا وقت نہیں آیا، جب محسوس کیا کہ پہلے جیسی فٹنس اور فارم نہیں رہی تو محمد حفیظ کی طرح پی سی بی کو اعتماد میں لے کر فیصلہ کروں گا، ابھی 2، 3 سال تک مزید کھیلنے کی خواہش ہے۔ پی ایس ایل ڈرافٹ کی سلور کیٹیگری میں منتخب ہونے کے بعد پہلے انکار اور پھر اقرار کرنے کے سوال

پر تجربہ کار وکٹ کیپر نے واضح کیا کہ پشاورزلمی نے ہمیشہ مجھے سپورٹ کیا، اب بھی اسی جذبے اور محنت سے کھیلوں گا، 6 سال میں ایک فائنل جیتنا اور4 فائنل کھیلنا اس بات کا ثبوت ہے کہ ہمارا کمبی نیشن زبردست ہے، وہاب ریاض بڑے اچھے طریقے سے ٹیم کی قیادت کررہے ہیں، انضمام الحق کے صدر بننے سے نوجوان بیٹرز کو زیادہ فائدہ ہوگا۔کامران اکمل نے کہا کہ پی ایس ایل میں زیادہ پیسہ دیں گے تو غیرملکی کھلاڑی بھی کھیلنے کو ترجیح دیں گے، اگر پاکستان اور بھارت کی کرکٹ سیریز بحال ہوئی تو اس سے مجموعی طورپر کرکٹ کو بہت فائدہ ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ پی سی بی کا کھلاڑیوں کو ایوارڈ دینا خوش آئند ہے، فواد عالم ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر ایوارڈ کے مستحق تھے۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button