وزیراعظم عمران خان نے جنسی مجرموں کو’’ نامرد‘‘ بنانے کیلئے قانون کی تیاری کی منظوری دیدی
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)حکومت نے جنسی زیادتی کے مجرموں کو نامرد بنانے کا قانون لانے کا فیصلہ کرلیا۔اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے ایسے مجرموں کو نامرد بنانے کے لیے قانون کی منظوری دے دی، وزیراعظم کی منظوری کے بعد وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے بل کے ڈرافٹ پر کام شروع کردیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مجوزہ بل کے متن کے مطابق جنسی زیادتی کے مجرموں کو بطور سزا نامرد بنایا جائے گا، فیصل واوڈا ڈرافٹ مکمل کرنے کے بعد بل قومی اسمبلی میں پیش کریں گے۔وفاقی وزیر فیصل واوڈا کا کہنا ہے کہ زیادتی کے مجرموں کو پھانسی دینے کی سزا کے لیے بھی بل لائیں گے، انسانی حقوق کے چیمپئن نہ آئے تو پھانسی کا بل منظور کرائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اگر اسمبلی سے پھانسی کا بل منظور نہ ہوا تو نامرد بنانے کا بل منظور کرائیں گے۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ خاتون سے زیادتی کیس میں ملوث ملزم شفقت علی گرفتار ہوچکا ہے، ملزم کا ڈی این اے جائے وقوعہ سے حاصل شواہد سے میچ کرچکا۔ ملزم نے اعتراف جرم بھی کرلیا۔عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ ملزم عابد علی کی گرفتاری کے لیے بھی ہماری ٹیم کوشاں ہے، ملزم کی گرفتاری انشا اللہ جلد متوقع ہے۔واضح رہے کہ اس سے قبل پولیس نے دعویٰ کیا کہ وقارالحسن نے بھی متعدد وارداتوں کا انکشاف کیا ہے ، وقار موٹر سائیکلیں چوری کرکے اسپیر پارٹس بلال گنج مارکیٹ میں فروخت کرتا تھا، مرکزی ملزم عابدکو بھی بہت جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔