اپنا بجلی کا بل دیکھ کر میں بھی چونک جاتا ہوں،چیئرمین نیپرابھی مہنگی بجلی پر چونک گئے

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)چئیرمین نیپرا کا کہنا ہے کہ اپنا بجلی کا بل دیکھ کر میں بھی چونک جاتا ہوں۔تفصیلات کے مطابق نیپرا نے نومبر کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی درخواست پر سماعت مکمل کر لی، فی یونٹ بجلی 4 روپے 33 پیسے تک مہنگی ہو سکتی ہے حتمی فیصلہ بعد میں آئے گا جبکہ چیئر مین نیپرا توصیف ایچ فاروقی بھی اپنا بجلی بل دیکھ کر چونک گئے ۔سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے نومبر کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے تحت فی یونٹ بجلی 4 روپے 33 پیسے مہنگی کرنے کی درخواست کر رکھی تھی، چیئرمین نیپرا کی زیر صدارت اتھارٹی نے درخواست کی سماعت کی، اتھارٹی کو بتایا کہ فیول مہنگا ہونے کی

وجہ سے بجلی پیداوار مہنگی ہوئی ہے۔ اتھارٹی نے 6 ارب روپے ایک سابقہ ایڈجسٹمنٹ پر سوال اٹھایا اور کہا کہ یہ اضافہ 3روپے 58 پیسے بننا چاہیے تاہم سینٹرل پاور پر چیزنگ ایجنسی نے کہا کہ ان کے پاس اس 6ارب روپے کے ثبوت موجود ہیں جس پر چیئرمین نیپرا نے کہا کہ اتھارٹی سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کے مکمل تفصیلات حاصل کرنے کے بعد تین چار روز میں فیصلہ کرے گی، یہ اضافہ 3 روپے 58 پیسے سے 4 روپے 33 پیسے فی یونٹ ہو سکتا ہے۔واضح رہے کہ یہ اضافہ کے الیکٹرک کیلئے نہیں ہوگا۔خیال رہے کہ سال2021 کے دوران میں ماہانہ اورسہ ماہی ایڈجسٹمنٹ اور سرچارجز کی مد میں بجلی 18روپے 71پیسے فی یونٹ تک مہنگی کی گئی، ایک سال میں نومرتبہ بجلی مہنگی کرکے صارفین پر 650 ارب روپے سے زائد کا بوجھ ڈالا گیا۔ذرائع کے مطابق ماہانہ ایڈجسٹمنٹس کی مد میں بجلی 12 روپی11 پیسے فی یونٹ مہنگی کی گئی بنیادی ٹیرف، سرچارج، سہ ماہی ایڈجسٹمنٹس میں بجلی 6 روپے 60 پیسے فی یونٹ تک مہنگی کی گئی۔ماہانہ ایڈجسٹمنٹس کی اضافی وصولیاں ماہانہ بنیادوں پر کی گئیں جنوری کی فیول ایڈجسٹمنٹ میں بجلی89 پیسے ،فروری میں 64 پیسے، جولائی میں ایک روپے 37 پیسے اور اگست کی فیول ایڈجسٹمنٹ میں بجلی ایک روپے 95 پیسے فی یونٹ مہنگی کی گئی۔ستمبر کی فیول ایڈجسٹمنٹ میں بجلی 2 روپے 52 پیسے اوراکتوبر کی فیول ایڈجسٹمنٹ میں بجلی 4 روپے 74 پیسے فی یونٹ مہنگی کی گئی، فروری میں بجلی کا بنیادی ٹیرف ایک روپے 95 پیسے فی یونٹ بڑھایا گیا، اکتوبر میں سہ ماہی ایڈجسٹمنٹس میں بجلی ایک روپے 72پیسے فی یونٹ مہنگی کی گئی۔اکتوبر2021 کے دوران ایک روپے 25 پیسے کا سرچارج بھی لگایا گیا۔ذرائع کے مطابق نومبر میں بجلی کا بنیادی ٹیرف ایک روپے 68 پیسے فی یونٹ تک بڑھایا گیا،ماہانہ ایڈجسٹمنٹس کی مد میں بجلی ایک روپے 52 پیسے فی یونٹ سستی بھی کی گئی۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button