موٹروے کیس کے مجرمان کی سزائوں سے متعلق فواد چوہدری کا حیران کن بیان سامنے آگیا
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ وزراء اور پڑھےلکھے طبقات کا سرعام پھانسی کا مطالبہ کرنا ہمارے معاشرے کی متشدد سوچ کا عکاس ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ زندہ جلا دیں، سرعام پھانسی دے دیں، جسمانی عضا کاٹ دیں، عوام کی جانب سے ایسا ردعمل آنا تو سمجھ آتا ہے، لیکن ہمارے وزراء اور پڑھےلکھے طبقات کی جانب سے بغیر کسی ہچکچاہٹ کے ایسی باتیں کرنا ہمارے معاشرے کی متشدد سوچ کا عکاس ہے، جو تشدد کو ہر مسئلے کا حل سمجھتی ہے۔
واضح رہے کہ لاہور موٹر وے پر خاتون کے ساتھ پیش آنے والے جنسی زیادتی کے واقعے پر عوام سمیت حکومتی وزرا میں بھی غم و غصے کی لہر دوڑ گئی تھی اور متعدد حکومتی شخصیات نے زیادتی کے مجرمان کو سرعام پھانسی دینے کا مطالبہ کیا تھا۔واضح رہے کہ موٹروے زیادتی کیس کا ملزم وقار الحسن سی آئی اے ماڈل ٹاؤن لاہور تھانے پیش ہو گیا، ملزم نے صحت جرم سے انکار کیا ہے۔موٹر وے پر خاتون سے زیادتی کیس میں نیا موڑ، ملزم خود تھانے پیش ہو گیا۔ لاہور کے تھانہ سی آئی اے ماڈل ٹاون میں ملزم وقار الحسن نے بیان دیا ہے کہ اس کا موٹروے زیادتی کیس سے کوئی تعلق نہیں۔ میرے نام پر جاری سم میرا سالہ استعمال کرتا ہے، ڈی این اے ٹیسٹ کرانے کو تیار ہوں۔ دوسری جانب پولیس نے وقارالحسن کے رشتہ دار پر بھی واردات میں ملوث ہونےکا شبہ ظاہر کیا ہے، پولیس ذرائع کے مطابق عباس مبینہ طور پر موٹروے زیادتی کیس میں ملوث ہے جس کو جلد پیش کرنے کا امکان ہے۔