شکریہ نوازشریف اور شہبازشریف، آپ کی محنت رنگ لائی، قوم کی بیٹی کے مجرم پکڑے گئے،مریم اورنگزیب

لاہور (نیوز ڈیسک) ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ نوازشریف اورشہبازشریف کی محنت رنگ لائی، قوم کی بیٹی کے مجرم پکڑے گئے۔ تفصیلات کے مطابق ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے سانحہ موٹروے کے مجرم کا پنجاب فارنزک سائنس لیبارٹری میں ڈی این اے میچ ہونے پر بیان جاری کیا ہے۔ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ شکریہ نوازشریف اور شہبازشریف، آپ کی محنت رنگ لائی، قوم کی بیٹی کے مجرم پکڑے گئے۔انہوں نے بیان جاری کیا کہ خادم اعلیٰ شہبازشریف نے پاکستان کی پہلی جدید ترین فارنزک لیبارٹری بنانے کا کارنامہ انجام دیا، شہبازشریف کا قائم کردہ جدید ترین ادارہ

جرم اور مجرموں کو شکنجے میں کس رہا ہے۔ مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ شہبازشریف کی قائم کردہ پنجاب فارنزک سائنس لیبارٹری کو دنیا میں دوسری اور جنوبی ایشیا کی سب سے جدید اور قابل اعتبار لیبارٹری کا درجہ دیا گیا اس لیبارٹری نے مجرموں کا ڈیٹا جمع کیا، جدید ترین نظام کی بدولت موٹروے پر ظلم کرنے والے کا سراغ لگایا جاسکا۔مسلم لیگ ن کی ترجمان نے دعویٰ کیا کہ آج یہ فارنزک لیب نہ ہوتی تو مجرم تک پہنچنا ممکن نہ ہوتا، مظلوم کو انصاف نہ مل پاتا۔ خیال رہے کہ سانحہ گجرپورہ کے دونوں ملزمان کی شناخت کرلی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب اور آئی جی پنجاب کی جانب سے کی گئی پریس کانفرنس میں بتایا گیا ہے کہ سانحہ گجر پورہ میں ملوث دونوں ملزمان کی شناخت ہو چکی، انہیں جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔بتایا گیا ہے کہ ایک ملزم کا نام عابد علی اور دوسرے ملزم کا نام وقار الحسن ہے۔ ملزم عابد علی کا تعلق فورٹ عباس جبکہ دوسرے ملزم وقار الحسن کا تعلق شیخوپورہ سے ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ میں نے اور میری ٹیم نے سائنٹیفک طریقے سے کیس کی تحقیقات کیں۔ 72 گھنٹوں سے بھی کم وقت میں اس دلخراش واقعے کے اصل ملزمان تک پہنچے ہیں۔ میں یقین دلاتا ہوں جن درندوں نے یہ ظلم کیا ہے وہ بہت جلد قانون کی گرفت میں ہوں گے۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button