ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ، افغانستان کو شکست،پاکستان نے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا، بھارت میگا ایونٹ سے باہر

ابوظہبی (نیوز ڈیسک ) ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے میں نیوزی لینڈ نے افغانستان کو 8 وکٹوں سےشکست دیدی جس کے بعد بھارتی ٹیم ایونٹ سے باہر ہوگئی ہے۔ افغان ٹیم نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو دوسرے ہی اوور میں ملنے کی گیند پر اوپنر محمد شہزاد 4 رنز بنانے کے بعد کیچ آؤٹ ہوگئے۔ اگلے اوور میں حضرت اللہ بھی بولٹ کی بولنگ پر صرف 2 رنز بنانے کے بعد کیچ دے بیٹھے جسے سینٹنر نے پکڑلیا۔چھٹے اوور میں ساؤتھی کی بال پر رحمٰن اللہ بھی 6 رنز بناکر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ گلبدین نائب 15 رنز بنانے کے بعد اش سودھی کی وکٹ بنے۔ نجیب اللہ نے عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری

رکھا اور کپتان محمد نبی کے ساتھ شاندار شراکت قائم کرتے ہوئے ٹیم کی سنچری مکمل کرائی۔دونوں نے پانچویں وکٹ کے لیے 59 رنز جوڑے جس میں نبی کا حصہ صرف 14 رنز کا رہا اور ٹم ساؤتھی کو انہی کی گیند پر کیچ دے بیٹھے۔19ویں اوور میں نجیب اللہ نے ٹرینٹ بولٹ کی وکٹ بننے سے قبل 48 گیندوں پر 3 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 73 رنز بنائے۔ افغانستان نے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 124 رنز بنائے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ نے عمدہ باؤلنگ کرتے ہوئے 17رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ٹم ساؤدھی نے دو وکٹیں لیں۔ اس سے قبل ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے میں نیوزی لینڈ اور افغانستان کے درمیان ہونے والے انتہائی اہم میچ میں افغان ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔گروپ 2 سے پاکستان سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکا ہے اور امکان ہے کہ اس گروپ سے سیمی فائنل میں جانے والی دوسری ٹیم کا فیصلہ آج کے میچ کے بعد ہوجائیگا۔ اگر نیوزی لینڈ افغانستان کو ہرا دیتا ہے تو وہ رن ریٹ کی پیچیدگیوں میں پڑے بغیر دوسرے سیمی فائنل میں جگہ بنا لے گا۔ تاہم اگر افغانستان بلیک کیپس کیخلاف جیت جاتا ہے، تو بھارت سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے کے لیے ایک مضبوط دعویدار ہوگا کیونکہ پیر کو اس کا آخری گروپ میچ میں نمیبیا سے مقابلہ ہوگا۔ ابوظبی میں کھیلے جانیوالے میچ میں افغانستان کے اسپنر مجیب الرحمٰن بھی پلیئنگ الیون کا حصہ بنے ہیں جو بھارت کے خلاف ان فٹ ہونے کے سبب میچ نہیں کھیل سکے تھے۔

واضح رہے کہ گروپ 2 سے آسٹریلیا اور انگلینڈ سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرچکے ہیں۔ گروپ 1 میں اس وقت پاکستان کے سب سے زیادہ 8 پوائنٹس ہیں جس کے بعد نیوزی لینڈ کے 6 اور بھارت کے 4 پوائنٹس ہیں۔میچ کے لیے افغانستان کی ٹیم میں محمد نبی (کپتان) حضرت اللہ زازئی، محمد شہزاد (وکٹ کیپر)، رحمٰن اللہ،مجیب الرحمٰن، نجیب اللہ زدران، گلبدین نائب، کریم جنت، راشد خان، نوین الحق، حامد حسن شامل ہیں جب کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم کین ولیمسن(کپتان)، مارٹن گپٹل، ڈیرل مچل، ڈیون کونوے، گلین فلپس، جیمز نیشام، مچل سینٹنر، ٹم ساؤدھی، ٹرینٹ بولٹ، اش سودھی، ایڈم ملنے پر مشتمل ہے-

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button