چینی 200روپے فی کلو؟بڑی خبر آگئی

پشاور (نیوز ڈیسک ) صوبہ خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں چینی کی قیمت 175 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ، تاجروں نے پرچون اور ہول سیل میں چینی فی کلو 200 روپے تک پہنچنے کے امکانات ظاہر کردیے ۔ صوبائی دارالحکومت میں اس وقت چینی کی قیمت 175 روپے فی کلو ہے جب کہ پشاور کی غلہ مارکیٹ اشرف روڈ میں چینی کی بوری 7 ہزار 200 روپے میں فروخت ہورہی ہے ۔اس ضمن میں تاجر برادری نے کہا ہے کہ پرچون اور ہول سیل میں چینی کی فی کلو 200 روپے تک پہنچ سکتی ہے ، قیمت میں مسلسل اضافے کی وجہ سے چینی کی خرید و فروخت

میں اضافہ ہوا ہے اور اشرف روڈ ، رامپورہ ، پیپل منڈی ، سبزی منڈی ، جی ٹی روڈ ، حیات آباد سمیت شہر کے مختلف مقامات پر ڈیلرز کے پاس چینی کا سٹاک ختم ہوچکا ہے۔ دوسری طرف صدر کراچی گروسری ایسوسی ایشن عبدالروف کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ہفتے کے روز چینی کی قیمت میں واضح کمی دیکھنے میں آئی۔ہفتے کے روز چینی کی ایکس مل قیمت میں 12 روپے، ہول سیل قیمت میں 8 روپے جبکہ ریٹیل قیمت میں 5 روپے فی کلو تک کمی ہوئی ، اس وقت چینی کی فی کلو ایکس مل قیمت 120 ہو گئی ہے جبکہ ریٹیل قیمت 130 سے 135 روپے چل رہی ہے، پیر تک چینی کی قیمت میں مزید کمی آئے گی۔ اسی حوالے سے ترجمان وزارت خزانہ مزمل اسلم نے کہا کہ رواں سال پاکستان خسارہ چینی سے سرپلس چینی والا ملک ہونے جا رہا ہے، چینی بحران کی اصل ذمہ دار سندھ حکومت ہے ، سندھ حکومت شوگرملوں کو کرشنگ کی اجازت اور امدادی قیمت نہیں دے رہی ، وفاقی حکومت سندھ کو چینی دینے کیلئے تیار پے ۔انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ چینی کا مسئلہ وفاق کا نہیں صوبائی حکومتوں کا مسئلہ ہے، صوبے گنے کی قیمت کا اعلان کرتے ہیں اور صوبے ہی اپنی ذمہ داری میں کرشنگ شروع کرتے ہیں لیکن سندھ حکومت کی غفلت کی وجہ سے وہاں چینی کا بحران پیدا ہوا ، پھر سندھ حکومت وفاق سے مدد لینے کو تیار نہیں ہے جب کہ وفاقی حکومت چینی دینے کو تیار ہے ، اگر سندھ میں چینی نہیں ہے تو پھر سندھ سے چینی بلوچستان جاتی ہے جس سے پورا جنوب متاثر ہورہا ہے، سندھ کابینہ نے بڑی مشکل سے گنے کی امدادی قیمت کا اب اعلان کیا ہے، اعلان کے بعد بھی ابھی تک منٹس جاری نہیں کیئے گئے۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button