پٹرول اور بجلی کے بعد دودھ کی قیمت میں بھی اضافے کا اعلان

کراچی (نیوز ڈیسک) 24 گھنٹوں کے دوران عوام پر مہنگائی کا تیسرا بم گرا دیا گیا، پٹرول اور بجلی کے بعد دودھ کی فی لیٹر قیمت میں بھی 10 روپے اضافہ کرنے کا اعلان۔ تفصیلات کے مطابق ایک ہی دن میں عوام کے استعمال کی 3 بنیادی چیزوں کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔ حکومت کی جانب سے پہلے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا، پھر نیپرا نے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں اضافے کی منظوری دے دی، جبکہ اب دودھ کی قیمت میں بھی اضافے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈیری فارمرز ایسوسی ایشن نے دودھ کی فی لیٹر قیمت میں 10 روپے اضافے کا اعلان کیا ہے۔

ڈیری فارمرز ایسوسی ایشن کی جانب سے کہا گیا ہے کہ دودھ کی نئی قیمت کا اطلاق 8 نومبر سے کیا جائے گا۔تاہم اس حوالے سے حکومتی سطح پر تاحال کوئی اعلان نہیں کیا گیا۔ ڈیری فارمرز ایسوسی ایشن کے اعلان کے برعکس حکومتی سطح پر دودھ کی قیمت میں اضافے کے حوالے سے کوئی نوٹیفیکیشن جاری نہیں کیا گیا۔یہاں واضح رہے کہ گزشتہ ماہ کراچی کے ڈیری فارمرز نے از خود دودھ کی فی لیٹر قیمت میں 45 روپے اضافے کا اعلان کیا تھا۔ دودھ کی فی لیٹر قیمت 110 روپے سے بڑھا کر 155 روپے کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔ دودھ کی قیمتوں میں اضافے کے بحران کے حوالے سے گزشتہ روز کمشنر کراچی نے دودھ کی قیمت کے تعین کے سلسلہ میں دودھ کی پیداواری لاگت کا جائزہ لینے کے لئے کاسٹ اسسمنٹ کمیٹی قائم کر دی تھی۔کمیٹی کے ارکان میں اسسٹنٹ کمشنر بیورو آف سپلائی اینڈ پراسسز، لائیو اسٹاک کا نمائندہ، صارفین تنظیموں کا نمائندہ شامل کیے گئے ۔ اعلان کیا گیا کہ کمیٹی پیداواری لاگت کا تجزیہ کرے گی جس میں جانور کی قیمت مینجمنٹ ، ٹرانسپورٹیشن اور جانور کے خوراک کے اخراجات شامل ہوں گے۔ کمیٹی سے کہا گیا کہ وہ دودھ کی ہول سیل ، آڑھتی (مڈل مین) اور ریٹیل کی فی لیڑ قیمت تعین بھی کرے۔ کمیٹی کو ایک ہفتہ میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button