پاکستان کی عزت دار بیٹی اورجگر گوشوں کے ساتھ یہ قیامت دل چھلنی کرگئی، نواز شریف
لاہور (نیوز ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے موٹروے پر خاتون سے زیادتی واقعے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی عزت دار بیٹی اور اس کے جگر گوشوں کے ساتھ یہ قیامت دل چھلنی کر گئی، مجرموں کو جلد گرفتارکرکے سخت ترین سزا دی جائے، انصاف ہونے تک پورا نظامِ حکومت معصوم بچوں اور بےگناہ ماں کے سامنے مجرم رہے گا۔تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے موٹروے پر خاتون سے زیادتی، تشدد اور بےحرمتی پر اظہار افسوس کرتے ہوئے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عزت دار بیٹی اور اس کے جگر گوشوں کے ساتھ یہ قیامت دل چھلنی کر گئی ہے۔
پاکستان کی آبرو کا تقاضا ہے کہ مجرم جلد گرفتار ہوں اور سخت ترین سزا پائیں۔انصاف ہونے تک پورا نظامِ حکومت معصوم بچوں اور بےگناہ ماں کے سامنے مجرم رہے گا۔خیال رہے کہ گزشتہ روز لاہور کے علاقے گجر پورہ میں موٹروے پر خاتون کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنانے کا انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا تھا۔متاثرہ خاتون اپنی کار میں دو بچوں کے ہمراہ لاہور سے گوجرانوالہ واپس جا رہی تھی کہ موٹروے پر دو نامعلوم افراد نے اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا، طلائی زیورات اور نقدی چھین کر فرار ہو گئے۔رپورٹس کے مطابق دو افراد نے موٹر وے پہ ایک گاڑی کا شیشہ توڑ کر خاتون اور ان کے بچوں کو باہر نکالا جس کے بعد انہیں قریبی جھاڑیوں میں لے جا کر خاتون کو بچوں کے سامنے مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنایا۔