تحریک کا اسلام آباد کی جانب تیزی سے بڑھتا لانگ مارچ، وزیر اعظم نے سعودیہ روانگی سے قبل وزیر داخلہ کو اہم ہدایات جاری کردیں

اسلام آباد( آن لائن ) وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر وزیر داخلہ شیخ رشید متحدہ عرب امارات سے وطن واپس پہنچ گئے۔وزیر اعظم عمران خان سے مختصر ملاقات کی ،دونوں رہنمائوں کے درمیان ملک کی مجموعی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر داخلہ شیخ رشید گزشتہ روز دو روز کے لیے یو اے ای روانہ ہوئے تھے اور ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے وزیراعظم سے دو روز کے لیے چھٹی لی ہے وہ پاک بھارت میچ دیکھنے جارہے ہیں تاہم وزیراعظم کی ہدایت پر میچ دیکھے بغیر ہی ہنگامی طور پر ائیربلیو کی پروازپی اے 213 پر شارجہ سے وطن واپس پہنچ گئے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے موجودہ ملکی صورتحال کے پیش نظر ، مہنگائی کے خلاف اپوزیشن کے احتجاج اور راولپنڈی میں تحریک کے احتجاج کے باعث شیخ رشید کو واپس بلایا ہے،وزیر اعظم عمران خان نے تین روزہ دورہ سعودی عرب روانگی سے قبل شیخ رشید سے مختصر ملاقات کی ،دونوں رہنمائوں کے درمیان اپوزیشن کی مہنگائی کے خلاف احتجاج ،تحریک کے دھرنے سمیت ملک کی مجموعی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا،اس موقع پر وزیراعظم نے شیخ رشید کو مذاکرات سمیت تمام آپشنز استعما ل کرنے اور دورہ سعودی عرب کے دوران لمحہ با لمحہ صورت حال سے آگاہ رکھنے کی بھی ہدایات جاری کیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں