ہمیں سیرت سرور عالم کی طرف رجوع کرنے کی اشد ضرورت ہے،عائشہ سید

راولپنڈی (نمائندہ خصوصی)ڈائریکٹر تعلقات عامہ جماعت اسلامی پاکستان و سابق ممبر قومی اسمبلی عائشہ سید نے اپنے ایک بیان میں کہا ھے کہ۔رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نےاسلامی ریاست کی بنیاد رکھی تو اسلام کے تمام اصولوں کو عملا نافذ کرکے دکھایا۔ دنیا نے دیکھ لیا کہ عدل و انصاف۔انسانی حقوق کی فراہمی ۔فلاحی ریاست، عوام کی فلاح و بہبود، سود سے پاک معیشت صرف کتابی باتیں نہیں تھیں بلکہ یہ وہ اصول ہیں جو رب کائنات نے انسانوں کیلئے وضع کئے ہیں تاکہ وہ دنیا اور آخرت کی کامیابیاں سمیٹ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے عوام کی تعلیم اور تربیت کے ذریعے ان میں دینی نظام کی ایسی آگہی پیدا کی کہ ہر فرد اپنی جگہ اپنے مقام پر خود

کو اللہ کے آگے جواب دہ سمجھتا تھا۔ یہی وجہ تھی کہ جب کسی سے جرم سرزد ہوتا تھا تو وہ خود کو قانون کے سامنے پیش کر دیتا تھا کہ اسے سزا دے کر گناہوں سے پاک کیا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ آج ریاست مدینہ قائم کرنے کا دعویٰ کرنے والوں کو اپنے دامن میں جھانک کر دیکھنا چاہیے کہ کیا ہمارے ملک میں تعلیم و تربیت کا کوئی ایسا نظام ہے جو ہمیں خدائی احکام کی پاسداری سکھائے؟ کیا ہمارا نظام ایسے افراد تیار کر رہا ہے جس کے اندر خود ایک محاسب بیٹھا ہو ۔جو انہیں عدل اور انصاف کے تقاضے پورے کرنے پر آمادہ کرے؟ اگر ایسا نہیں ہے اور یقینا نہیں ہے تو ہمیں سیرت سرور عالم کی طرف رجوع کرنے کی اشد ضرورت ہے، کیونکہ ہم سیدھے راستے سے بھٹک گئے ہیں۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button