اسوہ رسول ﷺ ہی دنیا کے بہترین دستور قرآن مجید کی عملی تفسیر ہے ، دردانہ صدیقی

راولپنڈی (نمائندہ خصوصی)محسن کائنات صلی اللہ علیہ وسلم نے انسانوں کے لئے جو دستور حیات دیا اس کے انفرادی و اجتماعی ہر پہلو کو عملی طور پر نافذ کرکے دکھایا اور قیامت تک کے لئے سیرت مصطفی ﷺ کو انسانوں کی رہنمائ کے لئے قرآن کے ساتھ لازم وملزوم کر دیا ۔اب دنیا کو درپیش تمام مسائل کا حل اسوہ محمد صلی اللہ علیہ وسلم میں پوشیدہ ہے۔۔ان خیالات کا اظہار حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی سیکریٹری جنرل دردانہ صدیقی نے 12ربیع الاول کے موقع پر اپنے بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت امت مسلمہ جن مسائل میں گھری ہوئ ہے ,

مصر ،عراق، ایران، شام، برما، فلسطین اور کشمیر میں ظلم وجبر کا جو بازار گرم ہے اس کا واحد علاج پیغام محمدی صلی اللہ وسلم کو بطور دستور حیات سمجھنے اور نافذ کرنے میں ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم اہل ایمان اپنے آقا صلیٰ اللہ علیہ وسلم کی ناموس پر ہر چیز کو قربان کر دینا ہی مقصد حیات سمجھتے ہیں۔عقیدہ ختم النبوت ﷺ پر مضبوط ایمان اور نوجوان نسل میں اس عقیدہ کی آبیاری وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بحیثیت مسلمان اور محمد صلی علیہ وسلم کے امتی اور داعی اعظم ﷺ کا نمائندہ ہونے کے , ہمیں پیغام محمدی ﷺ کو اپنا مشن بنانا ہوگا۔پیارے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے پوری امت پر جو عظیم احسان فرمایا ہے اس کا حق ہم اسی وقت ادا کر سکتے ہیں جب آپ ﷺ کی تعلیمات کو اپنائیں اور آپ ﷺ کا پیغام رسالت پوری دنیا تک پہنچائیں۔دردانہ صدیقی نے کہا کہ امت مسلمہ کو اسلام کا سفیر بن کر اسوہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کو اپنی عملی زندگی کا نمونہ بنانا ہے اور دوسروں تک اسلام کا ابدی پیغام پہنچانے کی حتی المقدور کوشش کرنی ہے تب ہی ہم بہترین امت کہلانے کے حقدار ہوں گے اور امت محمدیہ ﷺ قرآن جیسے دستور حیات پر مکمل عمل درآمد سے دہشت گردی، انتہا پسندی اور ظلم و جبر کے حقیقی عوامل کو جاننے اور ان کا خاتمہ کرنے کی پوزیشن میں آئیں گے۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button