اللہ تعالیٰ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو پاکستان اور مسلم دنیا کیلئے اُن کی تمام خدمات کا اجر دے گا، شاہد آفریدی

لاہور (نیوز ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے محسنِ پاکستان، ایٹم بم کے خالق ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم ہمیشہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے مقروض رہیں گے، سابق کپتان شاہد آفریدی نے بھی ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے انتقال شدید افسوس کا اظہار کیا ہے۔ بابراعظم نے اپنے تصدیق شدہ ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی تصویر شیئر کی اور لکھا کہ ’ہمارے قومی ہیرو اور اثاثہ کی موت کی خبر سُن کے بہت دُکھ ہوا جنہوں نے اپنی زندگی پاکستان کے لیے وقف کر دی، ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی خدمات نے ہمیں مضبوط بنایا اور ساتھ ہی فخر کرنا بھی محسوس کروایا،

جناب! آپ کو ہمیشہ محسنِ پاکستان کے طور پر یاد رکھا جائے گا اور ہم ہمیشہ آپ کے مقروض رہیں گے‘۔آخر میں بابراعظم نے ڈاکٹر عبدالقدیر کی بےشمار خدمات کیلئے اُن کا شکریہ بھی ادا کیا‘۔دوسری طرف سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے پیغام میں شاہد آفریدی نے کہا کہ ’ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے انتقال کی خبر سُن کر بہت دُکھ ہوا،وہ ہمیشہ ہیرو رہیں گے، پاکستان کے لیے ان کی خدمات بے مثال ہیں، اللّہ تعالیٰ، ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو پاکستان اور مسلم دنیا کے لیے اُن کی تمام خدمات کا اجر دے گا‘۔واضح رہے کہ محسنِ پاکستان، ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبد القدیر خان آج صبح 85 برس کی عمر میں رضائے الٰہی سے انتقال کر گئے۔ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کچھ عرصہ پہلے کورونا میں مبتلا ہوئے تھے، انہیں آج صبح طبیعت بگڑنے پر ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکے۔ پاکستان کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنانے میں کلیدی کردار ادا کرنے والے ڈاکٹر عبدالقدیر کی نمازِ جنازہ آج دوپہر ساڑھے 3 بجے فیصل مسجد میں ادا کی جائے گی۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button