ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی نماز جنازہ ادا‘ فیصل مسجد میں تل دھرنے کی جگہ نہ بچی‘ ابر رحمت برستا رہا

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)محسن پاکستان ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی نماز جنازہ ان کی وصیت کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی فیصل مسجد میں ادا کی گئی ، جس میں تمام وفاقی وزراء ، مسلح افواج کے سربراہان، سپیکر قومی اسمبلی شریک ہوئے ،اس کے علاوہ قائم مقام صدر مملکت ، چیئرمین جوائنٹ چیف سمیت تمام اعلی ریاستی شخصیات بھی نماز جنازہ میں شریک ہوئیں ، اس موقع پر عوام کا جم غفیر بھی اپنے محسن کو الوداع کہنے کے لیےاسلام آباد کی فیصل مسجد پہنچا ، اس موقع پر اسلام آباد میں فیصل مسجد اور اس کے

اطراف میں ابر رحمت بھی برستا رہا ، ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے انتقال پر قومی پرچم بھی سرنگوں رہا ۔ یاد رہے کہ معروف پاکستانی ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبد القدیرخان انتقال کرگئے ہیں ، محسن پاکستان کی نماز جنازہ آج فیصل مسجد اسلام آباد میں ادا کی جائے گی کیوں کہ انہوں نے وصیت کی تھی ان کے سفر آخرت سے قبل نماز جنازہ اسلام آباد کی فیصل مسجد میں پڑھائی جائے ، ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو پھیپھڑوں کا عارضہ لاحق تھا آج شدید تکلیف کے باعث انہیں صبح 6 بجے کے قریب کے آر ایل ہسپتال لایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ایٹمی سائنسدان کو بچانے کی پوری کوشش کی تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے اور صبح 7 بج کر 4 منٹ پر ان کا انتقال ہوگیا۔وزیر اعظم عمران خان نے ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ ہماری قوم ان سے بہت پیار کرتی ہے کیوں کہ انہوں نے ہمیں ایٹمی ہتھیاروں کی ریاست بنانے میں اہم کردار ادا کیا ، انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر اے کیو خان کے انتقال پر بہت دکھ ہوا ، انہوں نے ہمیں ایک جارحیت والے بڑے ایٹمی پڑوسی کے خلاف تحفظ فراہم کیا ہے ، پاکستانی عوام کے لیے وہ ایک قومی ہیرو ہیں ، ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو ان کی وصیت کے مطابق فیصل مسجد کے احاطے میں سپرد خاک کیا جائے گا۔صدر پاکستان عارف علوی نے بھی ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے انتقال افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے بارے میں جان کر بہت دکھ ہوا ، ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو ذاتی طور پر 1982 سے جانتا تھا ، ڈاکٹرعبدالقدیر خان نے ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا ، قوم ان کی خدمات کو کبھی نہیں بھولے گی ۔ اسی طرح چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور تمام سروسز چیفس نے پاکستان کے معروف سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے ، پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے پاکستان کے دفاع کو مضبوط بنانے کے لیے گرانقدر خدمات سر انجام دیں ، اللہ تعالی مرحوم کے درجات بلند کرے۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button