افغانستان، قندوز کی ایک مسجد میں دھماکہ ، جانی نقصان کی اطلاعات

کابل (نیوز ڈیسک) افغانستان کے صوبہ قندوز کے ضلع سید آباد کی ایک مسجد میں دھماکہ ہوا ہے ، دھماکے کے نتیجے میں جانی نقصان کا خدشہ ہے۔ بین الاقوامی خبررساں ادارے کے مطابق دھماکہ قندوز کے علاقے سعید آباد کی مسجد میں ہوا اور دھماکے کے وقت عوام کی بڑی تعداد مسجد میں موجود تھی۔ افغان میڈیا نے بتایا ہے کہ دھماکہ خودکش حملہ تھا جس کے نتیجے میں ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے ، دھماکے کی تصدیق افغان حکومت کی جانب سے بھی کی گئی ہے تاہم ابھی تک ہلاکتوں اور زخمیوں کی تعداد کے حوالے سے کسی بھی قسم کی معلومات موصول نہیں ہوئیں۔

خیال رہے کہ دو روز قبل افغانستان کے دارالحکومت کابل میں عید گاہ مسجد کے قریب میں ہونے والے بم دھماکے میں کم از کم دو افراد کے ہلاک اور متعدد کے زخمی ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی تھیں ، حکام نے کابل کی عید گاہ مسجد کے قریب دھماکے کی تصدیق کی۔حکومتی ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ عید گاہ مسجد کے قریب دھماکہ ہوا جس میں متعدد ہلاکتوں کا خدشہ ہے تاہم انہوں نے اس دھماکے میں ہلاکتوں اور زخمی ہونے والے افراد کی تعداد کے بارے میں نہیں بتایا۔افغان وزارت داخلہ کے ایک ترجمان قاری سعید خوستی نے فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ ہماری ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکے میں کم از کم دو افراد ہلاک جبکہ تین زخمی ہوئے ہیں۔ یہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ دھماکے سے پہلے افغان حکومت کے ترجمان اور وزیر اطلاعات ذبیح اللہ مجاہد نے اعلان کیا تھا کہ 3 اکتوبر بروز اتوار کی دوپہر کابل کی عید گاہ مسجد میں ان کی والدہ کی وفات پر ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی جائے گی ، جس میں انہوں نے اپنے تمام دوستوں اور عزیزوں کو آنے کی دعوت دی تھی اور اسی عید گاہ مسجد کے قریب میں ہونے والے بم دھماکے میں کم از کم دو افراد کے ہلاک اور متعدد کے زخمی ہونے کی اطلاعات موصول ہوئیں۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button