اہم صوبے میں گیس کے اتنے بڑے ذخائر دریافت ہوگئے کہ پاکستان کو 16ارب ڈالرز کی بچت ہوگی
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان پیٹرولیم لمیٹیڈ نے قلات میں گیس کے بڑے ذخائر دریافت کرلیے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستانی معیشت کے حوالے سے اچھی خبریں آنے کا سلسلہ جاری ہے۔ اسی سلسلے میں ملک میں جاری توانائی کے بحران کے حل کیلئے ایک اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ پاکستان پیٹرولیم لمیٹیڈ نے قلات میں10 کھرب مکعب فیٹ گیس کے ذخائر دریافت کر لئے ہیں جس سےکمرشل اور گھریلو صارفین کو سستی گیس کی فراہمی یقینی ہوسکے گی۔بڑے پیمانے پر گیس کی دریافت سے نہ صرف کمرشل اور گھریلو صارفین کو سستی گیس کی فراہمی یقینی ہوسکے گی بلکہ قلات
میں دس کھرب مکعب فیٹ گیس کے ذخائر دریافت ہونے کی وجہ سے لکویڈ نیچرل گیس کی درآمد پر خرچ ہونے والے 15 سے 16 ارب ڈالر کے ذرمبادلہ کی بھی بچت ہوگی۔ذخائر کی دریافت کے حوالے سے پی پی ایل کمپنی حکام کا بتانا ہے کہ نئی دریافت سے 1 ٹریلین کیوبک فٹ گیس دریافت ہونے کے امکانات ہیں۔اس نئی دریافت سے پہلے کی گئی جانچ کے برعکس زیادہ ذخائر تک رسائی حاصل ہونے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق گیس کے ذخائر کی یہ تازہ ترین دریافت پاکستان کیلئے بہت اہمیت کی حامل ہے۔ نئے ذخائر ایسے وقت میں دریافت ہوئے ہیں جب وزیراعظم اور وزارت پٹرولیم نے خدشے کا اظہار کیا ہے کہ رواں سال سردی کے موسم میں گیس کی قلت کا بدترین بحران پیدا ہو سکتا ہے۔ وزارت پٹرولیم کے حکام کا کہنا ہے کہ اگر پاکستان نے آر ایل این جی امپورٹ نہ کی تو موسم سرما میں گیس کی کمی ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ جائے گی۔