بیروت بندرگاہ پر دوبارہ آگ لگ گئی
بیروت(نیوز ڈیسک) لبنان کے دارالحکومت بیروت کی بندرگارہ کے علاقے میں واقع ایک گودام میں آگ لگ گئی ہے۔خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق بیروت کے تباہ کن دھماکوں کے ایک ماہ بعد بندرگارہ کے علاقے میں لگنے والی آگ سے سیاہ دھواں آسمان کی طرف بلند ہوتا ہوا دیکھا جاسکتا ہے۔ایک عینی شاہد نے رائٹرز کو بتایا کہ انہوں نے پورٹ کے دھماکوں سے تباہ علاقے میں آگ کے شعلے بلند ہوتے ہوئے دیکھے۔ فوری طور پر یہ واضح نہیں ہوسکا کہ آگ کس وجہ سے لگی۔سرکاری نیشنل نیوز ایجنسی کے مطابق آگ ایک گودام میں لگی جہاں ٹائر رکھے ہوئے تھے۔
اس وقت فائر فائٹرز آگ بجھانے میں مصروف ہیں۔لبنان کی فوج کا کہنا ہے کہ آگ بجھانے کے لیے ملٹری کے ہیلی کاپٹرز کو استعمال کیا جائے گا۔ بیروت کے گورنر نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ پورٹ کے قریب نہ جائیں۔ٹی وی پر دکھائے جانے والے براہ راست مناظر میں ایک ہیلی کاپٹر کو آگ سے متاثر علاقے کی طرف جاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔رواں سال چار اگست کو ہونے والے تباہ کن دھماکوں میں 200 سے زائد ہلاک اور چھ ہزار 500 افراد سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔ دھماکوں کے ایک مہینے بعد ہی بیروت میں آگ لگنے کی وجہ بیروت کے رہائشی خوف و ہراس کا شکار ہوگئے۔