تحریک انصاف مستعفی ہوکر ن لیگ میں شمولیت کی خبریں، غلام سرور خان کا اہم بیان سامنے آگیا

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور نے ن لیگ میں شمولیت کی خبروں کی سختی سےتردید کر دی۔ نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر غلام سرور خان نے کہا کہ میری مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کرنے کی خبریں من گھڑت اور بے بنیاد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسی جھوٹی خبریں پہلے میرے راستےکی رکاوٹ بنیں نہ آئندہ بنیں گی، پی ٹی آئی سےاختلافات کی اطلاعات شرپسند ذہنوں کی اختراع ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف سے علیحدگی کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔ نہ میں جارہا ہوں نہ چوہدری نثار آرہے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان کی قیادت، پارٹی منشور پر میرااعتماد غیر متزلزل ہے، سیاسی جدوجہد کے ہر مرحلے پر اپنے قائد کے ہمراہ مصروف عمل رہا اور آئندہ بھی رہوں گا۔پروگرام میں بات کرتے ہوئے غلام سرور خان نے کہا کہ میری پی ٹی آئی چھوڑنے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔مجھے افسوس کے ساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ اسی کو زرد صحافت کہتے ہیں۔ اسی کو ختم کرنے کے لیے میڈیا کی ایک اتھارٹی بھی بن رہی ہے جس پر کافی لوگوں کو اعتراض بھی ہے۔ مجھے اس بات کا بھی زیادہ افسوس ہے کہ کافی سینئیر صحافی اپنے چینلز پر اس حوالے سے بات کر رہے ہیں۔ ایک سینئیر صحافی نے کہا کہ میں اور علیم خان جہانگیر ترین گروپ میں جا رہے ہیں جسے سُن کر مجھے حیرت بھی ہوئی۔یہ بھی کہا گیا کہ جہانگیر ترین گروپ جس کے ساتھ اتحاد کرے گا اُس کے ساتھ مل کر یہ لوگ حکومت بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میں گلگت بلتستان کے ریمورٹ ایریا تک میں پارٹی کو آرگنائز کیا۔ میں نے مشکل وقت میں پارٹی کا ساتھ دیا۔ پارٹی کو 2018ء کے الیکشن کے لیے تیار بھی کیا جس میں پی ٹی آئی بھاری اکثریت سے جیتی۔ لہٰذا ایسی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔ یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے 20 اگست 2018ء کو کابینہ میں تبدیلی کرتے ہوئے غلام سرور سے وزارتِ پیٹرولیم کا قلم دان واپس لے کر وزیر برائے ہوائی بازی مقرر کیا تھا۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button