غریب کی سواری غریب کی پہنچ سے دور، موٹرسائیکلوں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کردیا گیا

لاہور(نیوز ڈیسک) ڈالر کی قیمت میں مسلسل اضافے کے باعث موٹرسائیکلوں اور ان کے پارٹس کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سی ڈی 70 کی قیمت چار ہزار روپے تک بڑھا دی گئی۔ سی ڈی 100 کی قیمتوں میں پانچ ہزار روپے تک اضافہ کیا گیا جبکہ ون ٹو فائیو اور سلف سٹارٹ بائیک کی قیمتوں میں ساڑھے چھ ہزار روپے تک اضافہ کردیا گیا ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق دکانداروں کا کہنا ہے کہ مہنگائی بڑھنے سے موٹرسائیکل کا بریک شو 90 سے بڑھ کر ڈیڑھ سو روپے، چمٹہ 950 سے بڑھ کر 1200 روپے جبکہ موٹرسائیکل کے انڈیکٹر کی قیمتوں میں بھی 50 روپے تک کا اضافہ ہوا۔

شہریوں نے قیمتوں میں اضافے کے بعد رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ موٹرسائیکل کے ساتھ ساتھ ان کے پارٹس بھی مہنگے ہوگئے ہیں جس سے عام آدمی متاثر ہو رہا ہے۔جبکہ صدر انجمن تاجران لٹن روڈ ملک ناظم نے کہا کہ قیمتیں بڑھنے کی بنیادی وجہ ڈالر کے ریٹ میں اضافہ ہے،حکومت ڈالر کی قیمتوں کو برقرار رکھنے کے لیے ٹھوس حکمت عملی اپنائے۔ خیال رہے کہ ڈالر کی قدر میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ پاکستانی روپے کی قدر میں آج بھی کمی کا رحجان دیکھا جا رہا ہے۔ انٹربینک میں ڈالر کی قیمت 170 روپے40 پیسے پر پہنچ گئی ہے۔فاریکس ڈیلرز کے مطابق انٹربینک میں آج ڈالر43 پیسے مہنگا ہوا۔ گزشتہ روز فاریکس مارکیٹ میں کاروبار کے اختتام پر ڈالر کی قیمت 169 روپے97 پیسے تھے۔ واضح رہے کہ رواں برس مئی کے مہینے میں ایک امریکی ڈالر کی قیمت 152 پاکستانی روپے تھی۔ اس سے قبل 26 گست 2020 کو ڈالر168اعشاریہ 43روپےکی سطح تک گیا تھا۔ سال2020 میں بھی ڈالر کی قیمت 169 روپے تک جا کر واپس اس سطح پر گری تھی تاہم رواں سال مئی کے بعد ڈالر کی قیمت میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آیا۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button